سام سنگ کی تاریخ کا مہنگا ترین فون

سام سنگ کا پہلا فولڈ ایبل فون کافی تاخیر کے بعد آخرکار فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

جنوبی کورین سائٹ یوناپ نیوز کے مطابق سام سنگ کی جانب سے گلیکسی فولڈ کو 6 ستمبر کو متعارف کرایا جارہا ہے۔

یہ فون 6 ستمبر کو جنوبی کوریا میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا جو اس لیے دلچسپ ہے کیونکہ اسی روز برلن میں ٹیکنالوجی نمائش آئی ایف اے ٹریڈ شو کا آغاز بھی ہوگا، وہاں بھی یہ فون متعارف ہوگا، یہ ابھی واضح نہیں۔

اس فون کو رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران متعارف کرایا گیا تھا مگر اسے فروخت کے لیے پیش کرنے میں تاخیر ہوتی گئی۔

اس کی وجہ فون کے ڈیزائن میں مسائل تھے اور سام سنگ نے چند ماہ پہلے کہا تھا کہ ان مسائل پر قابو پالیا گیا ہے اور اسے ستمبر کو پیش کردیا جائے گا۔

گلیکسی فولڈ درحقیقت سام سنگ کا رواں سال تیسرا فلیگ شپ فون ہے جس کے فیچرز کسی سے کم نہیں اور یہ پہلے اپریل میں صارفین کو دستیاب ہونا تھا۔

یہ فون انفٹنی فلیکس اسکرین کے ساتھ ہے اور بند ہونے پر یا فون کی شکل میں اس کا ڈسپلے 4.6 انچ جبکہ کھلنے پر 7.3 انچ کا ہوجاتا ہے۔

فولڈایبل موڈ میں اس کی فرنٹ اسکرین کسی عام اسمارٹ فون کی طرح کام کرتی ہے تاہم کسی ایپ جیسے گوگل میپس کو اوپن کرنے کے بعد ڈیوائس کو بڑے ڈسپلے پر سوئچ کیا جائے تو سب کچھ کافی بڑا ہوجاتا ہے۔

سام سنگ کے مطابق یہ بڑا ڈسپلے ملٹی ٹاسکنگ کے لیے انتہائی موثر ثابت ہوگا اور صارف بیک وقت 3 ایپس کو استعمال کرسکیں گے۔

فروری میں کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ یہ گلیکسی فولڈ ایل ٹی ای کے ساتھ ساتھ فائیو جی ورژن میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔

اس وقت کمپنی نے فون کے پراسیسر کے بارے میں کچھ نہیں بتایا، تاہم اس کا کہنا تھا یہ ایک 7nm سی پی یو ہوگا مگر کمپنی کے مطابق 512 جی بی یو ایف ایس 3.0 اسٹوریج اسپیس دی جائے گی۔

اس کے علاوہ 4380 ایم اے ایچ بیٹری اس ڈیوائس کا حصہ ہوگی۔

اس فون میں کمپنی نے 6 کیمرے دیئے ہیں جن میں سے ایک تین کیمروں کا سیٹ اپ 16 میگا پکسل الٹرا وائیڈ شوٹر، دوسرا 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لین جبکہ تیسرا 12 میگا پکسل ڈوئل پکسل وائیڈ کیمرا آپٹیکل اسٹیبلائزیشن کے ساتھ ہے جس میں 2 آپرچر دیئے گئے ہیں۔

ٹیبلیٹ موڈ پر ڈیوائس استعمال کرنے پر فرنٹ پر ڈوئل سیلفی کیمرا سیٹ اپ موجود ہے جن میں سے ایک 10 میگا پکسل ڈوئل پکسل وائیڈ کیمرا اور دوسرا 8 میگا پکسل آر جی بی ڈیپتھ کیمرا ہے۔

اسی طرح فولڈ موڈ پر بھی ایک 10 میگا پکسل کا ڈوئل پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔

فروری میں اس کی قیمت 1980 ڈالرز (3 لاکھ 11 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) بتائی گئی تھی، اب کیا ہوگی، کہنا مشکل ہے، مگر یہ واضح ہے کہ یہ سام سنگ کی تاریخ کا مہنگا ترین فون ہوگا۔

اب 6 ستمبر کو اس فون کو متعارف کرانے کا مقصد ایپل کے آئی فونز کو دھچکا پہنچانا بھی ہے کیونکہ ایپل نے 10 ستمبر کو اپنے نئے فونز پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

x

Check Also

دنیا کی 90 بڑی کمپنیوں نے فیس بک پر اشتہارات کا بائیکاٹ کردیا

دنیا کی 90 بڑی کمپنیوں نے فیس بک پر اشتہارات کا بائیکاٹ کردیا

نسل پرستی، تشدد، جھوٹ اور نفرت کے خلاف دنیا کی 90 سے زائد بڑی کمپنیوں ...

%d bloggers like this: