پاکستانی اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ ثنا سہیل کی جانب سے لگائے گئے تشدد اور دھوکہ دینے کے الزامات کو ابھی ایک ہی ماہ ہوا کہ اداکار کی دوسری شادی کی خبریں سامنے آگئیں۔
فاطمہ ثنا سہیل نے اپنے شوہر محسن عباس حیدر پر فیس بک پر جاری ایک پوسٹ میں الزام لگایا تھا کہ وہ ان پر جسمانی تشدد کرتے ہیں جبکہ ان کا نازش جہانگیر نامی ماڈل کے ساتھ افیئر بھی چل رہا ہے۔
بعدازاں محسن عباس حیدر نے ان تمام الزامات کو بے بنیاد ٹھہرایا تھا اور کہا تھا کہ انہوں نے کبھی فاطمہ پر تشدد نہیں کیا اور جو تصاویر انہوں نے شیئر کی ہیں وہ 2018 کی ہیں جو سیڑھیوں سے پھسلنے سے لگنے والی چوٹوں کی تھیں۔
البتہ اب ایسی خبریں سامنے آرہی ہیں کہ محسن عباس اور نازش جہانگیر نے آخر کار شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
جبکہ نازش جہانگیر کے انسٹاگرام پر بھی ایک ایسا کمنٹ سامنے آیا جسے ان خبروں کی تصدیق تصور کیا جاسکتا ہے۔
انسٹاگرام پر ایک اکاؤنٹ پر صارف نے محسن عباس اور نازش جہانگیر کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ جلد بہترین جوڑی بننے جارہی ہے۔
جس پر نازش جہانگیر کی جانب سے ‘جلد انشااللہ’ کا کمنٹ سامنے آیا۔
اس کمنٹ کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے نازش اور محسن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ نازش جہانگیر پر کسی کا گھر توڑنے کا الزام بھی لگایا جارہا ہے۔
ایک صارف نے کمنٹ میں سوال کیا کہ ان دونوں نے تو کہا تھا یہ صرف دوست ہیں؟
جبکہ ایک ایسا کمنٹ بھی سامنے آیا کہ یہ دونوں کسی اور کے گھر کو توڑ کر اپنا گھر بنارہے ہیں۔
خیال رہے کہ فاطمہ سہیل کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد ماڈل نازش جہانگیر نے بھی انسٹاگرام پر ان الزامات کو جھوٹا قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ان پر گھر توڑنے والی عورت کا الزام لگایا گیا تاہم اگر فاطمہ کے پاس کوئی ثبوت ہوتا تو وہ اسے سامنے لاتیں۔
یہ بھی پڑھیں: محسن عباس کی اہلیہ نے مجھ پر جھوٹا الزام لگایا، ماڈل نازش جہانگیر
انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی ایک پوسٹ میں نازش جہانگیر کا کہنا تھا کہ ‘جو بھی حقیقت ہے وہ خود سب کے سامنے آجائے گی، فاطمہ نے بغیر کسی ثبوت کے میرے خلاف یہ لکھ دیا کہ میں ان کے شوہر کے ساتھ سو رہی تھی اور آپ سب نے مجھ پر گھر توڑنے والی عورت کا الزام لگادیا، اپنی عقل کا استعمال کریں، اگر اس کے پاس کوئی ثبوت ہوتا تو وہ اسے پوسٹ کرتی، اس ہی طرح جس طرح اس نے شوہر کی جانب سے کیے تشدد کا ثبوت دیا’۔
لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ماڈل نے کچھ عرصے بعد ہی اس پوسٹ کو انسٹاگرام سے ڈیلیٹ کردیا تھا۔