بالی وڈ میں بھائی جان سمیت دبنگ خان کے نام سے مشہور سلمان خان کے اداکاراؤں سے معاشقے کی خبریں تو سب ہی خوب جانتے ہیں لیکن کیا آپ کو یہ معلوم ہے کہ ایک مرتبہ بات اتنی آگے بڑھ گئی تھی کہ سلمان خان کی ایک اداکارہ سے شادی کے کارڈز تک چھپ گئے تھے؟
جی ہاں! اس بات کا انکشاف سلمان خان نے خود کافی ود کرن میں دسمبر 2013 میں کیا تھا۔
سلمان خان نے بتایا کہ ‘سنگیتا بجلانی’ کے ساتھ ان کی شادی کے کارڈز تک چھپ گئے تھے لیکن پھر شادی نہ ہوسکی۔
روگرام کے دوران سلمان خان نے کہا ‘میں نے کبھی کسی سے بریک اپ نہیں کیا کیونکہ میری کبھی کوئی گرل فرینڈ رہی ہی نہیں تھی، مجھ سے جب بھی کوئی شادی کا سوال کرتا ہے تو مجھے الجھن ہوتی ہے’۔
سلمان نے کہا تھا کہ ‘کچھ بیوقوف مجھ سے پوچھتے رہتے ہیں کہ آپ شادی کیوں نہیں کررہے، یہ میرے ہاتھ میں تھوڑی ہے، مجھے زندگی میں کئی مناسب لڑکیاں ملیں، ایک وقت تھا جب میں شدت سے شادی کرنا چاہتا تھا’۔
دبنگ خان کے مطابق وہ ہمیشہ شادی کے انتہائی قریب آجاتے ہیں لیکن پھر رشتہ ازدواج میں منسلک نہیں ہو پاتے، سنگیتا کے ساتھ شادی کے کارڈز تک چھپ گئے تھے لیکن پھر شادی نہیں ہوسکی۔
واضح رہے کہ سنگیتا اور سلمان خان نے 1986 میں ڈیٹ کرنا شروع کیا تھا، 1994 میں دونوں نے شادی کرنے کا ارادہ کرلیا تھا لیکن پھر اداکار جوڑے کی شادی نہیں ہوسکی۔
1996 میں سنگیتا نے سابق کرکٹر اظہر الدین سے شادی کرلی تھی، اظہر الدین نے اپنی پہلی اہلیہ کو طلاق دے دی تھی، بعدازاں سنگیتا اور اظہر الدین کی 2010 میں علیحدگی ہوگئی تھی۔