سری لنکن وزیرکھیل نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم رواں سال کے آخری میں ٹیسٹ سیریز کے بجائے مختصر دورانیے کے تین میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
گزشتہ ہفتے پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلیے سری لنکا کے سیکیورٹی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے حوالے کرک انفو نے بتایا تھا کہ سری لنکا کے سیکیورٹی وفد نے اپنے بورڈ کو انتہائی مثبت رپورٹ دی ہے جس کے بعد تمام چیزیں معمول کے مطابق ہونے پر پاکستان میں مارچ 2009 کے لاہور حملے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ واپس آسکتی ہے۔
اُس وقت سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایشلے ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی سیکیورٹی ٹیم کی جانب سے انتہائی مثبت رد عمل ملا جس کے بعد ٹیم بھیجنے سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ سے کچھ متبادل صورت پر بھی بات کی جائے گی جب کہ اس حوالے سے حکومت سے بھی صلاح مشورہ کیا جائے گا۔
اب سری لنکا کے وزیر کھیل ہارین فرنینڈو کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سری لنکا کو لاہور اور کراچی میں دو ٹیسٹ میچز کھیلنے کی پیشکش کی تھی لیکن سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے بجائے تین ون ڈے یا ٹی 20 سیریز کھیلنے کے لیے پاکستانی کا 8 روزہ دورہ کرے گی۔
سری لنکن وزیر نے مچوں کی حتمی تاریخ تو نہیں بتائی تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ رواں سال کے آخر میں ہو گا۔