انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کردی جس میں بیٹرز میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔
بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے شبمن گل کی دوسری پوزیشن ہے۔
بابر اعظم کے پوائنٹس 863 سے کم ہو کر 857 ہوگئے ہیں جبکہ شبمن گل کے ریٹنگ پوائنٹس 759 سے بڑھ کر 814 ہوگئے ہیں۔
جنوبی افریقا کے بیٹر رسی ون ڈر ڈسن تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ امام الحق ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔
پاکستان کے فخر زمان تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین بیٹرز کی لسٹ سے باہر نکل کر رینکنگ میں 11 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بولرز کی رینکنگ:
بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے محمد سراج نے آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ سے پہلی پوزیشن چھین لی۔
محمد سراج نے آٹھ درجہ ترقی پائی، انہوں نے ایشیا کپ فائنل میں سری لنکا کے خلاف چھ وکٹیں حاصل کیں۔
جوش ہیزل ووڈ اور ٹرینٹ بولٹ کی رینکنگ میں ایک ایک درجے تنزلی ہوئی۔
محمد سراج 694 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ جوش ہیزل ووڈ دوسرے اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ تیسری پوزیشن پر ہیں۔
بولرز کی رینکنگ میں شاہین آفریدی 10 ویں نمبر پر موجود ہیں۔