بھارت 5 اکتوبر سے کرکٹ کی دنیا کے سب سے بڑے میلے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے جارہا ہے، ایونٹ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاحال حتمی ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے 15 نام جمع کروانے کی آخری تاریخ 28 ستمبر 2023 ہے، آئندہ چند روز میں ٹیم کے ناموں کا اعلان متوقع ہے۔
ادھر دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ قومی ٹیم کا اسکواڈ 30 سے 32 افراد پر مشتمل ہوگا۔
آئی سی سی کے قواعد کے مطابق 23 افراد کے اخراجات وہ برادشت کرنے کا پابند ہوگا، جب کہ باقی افراد کے اخراجات پی سی بی کے ذمہ ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق ٹیم کے ساتھ 15 کھلاڑیوں کے ساتھ تین اضافی کھلاڑی بھی سفر کریں گے، تاہم ٹیم کا انتخاب کرتے وقت صرف پندرہ نام ہی زیر غور آئیں گے۔
تین اضافی کھلاڑی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، البتہ کسی انجری کی صورت میں آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی ان ناموں میں سے کسی کو ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت دے سکے گی۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق تین اضافی کھلاڑی قومی ٹیم کے ساتھ پریکٹس تو کرسکتے ہیں ، البتہ میچ والے دن وہ ہوٹل میں رہیں گے اور انھیں ڈریسنگ روم تک رسائی کی اجازت نہیں ہوگی۔