قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی انشا آفریدی گزشتہ روز پیا دیس سدھار گئیں۔
قومی کرکٹر شاہین آفریدی کے ہمراہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی انشا آفریدی نے اپنی رخصتی کے موقع پر روایتی سرخ رنگ کے بھاری کامدار عروسی جوڑے کا انتخاب کیا۔
انشا نے اپنی بہن اقصیٰ آفریدی کی طرح اس خاص و یاد گار تقریب میں ’ریپبلک ویمنز ویئر‘ کا تیار کردہ عروسی جوڑا زیب تن کیا۔
بارات کیلئے اس خوبصورت لال لہنگے پر سنہرے رنگ کے امتزاج کا کام کیا گیا ہے جو اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
ڈیزائنر سے نمائندہ جنگ کے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا کہ انشا آفریدی کی جانب سے رخصتی کے یاد گار موقع پر زیب تن کیے گئے لال روایتی جوڑے کی قیمت ساڑھے 7 لاکھ روپے ہے۔