ہیر مان جا۔ فل مصالحہ

پاکستانی رومانٹک ایکشن کامیڈی فلم ’ہیر مان جا‘ کا ٹیزر تو پہلے ہی شائقین کے دل جیتنے میں کامیاب گیا تھا لیکن اب فلم کا پہلا ٹریلر بھی جاری کردیا گیا۔

فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر کو دیکھ کر اندازا ہوتا ہے کہ رومانٹک ایکشن کامیڈی فلم نہ صرف مصالحہ فلم ہے بلکہ فلم میں بیک وقت کئی اہم مسائل کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

اگرچہ ٹریلر سے فلم کی مکمل کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازا ہوتا ہے کہ ہیر (حریم فاروق) کے والدین ان کی شادی اپنی مرضی سے کروانا چاہتے ہیں اور وہ اس کے خلاف ہوتی ہے۔

ٹریلر میں جہاں حریم فاروق کی شادی کی تیاریاں دکھائی گئی ہیں، وہیں انہیں گھر سے بھاگتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے اور پھر اس کی اور فلم کے مرکزی کردار کبیر (علی رحمٰن) کی زندگی میں ایک سے بڑھ کر ایک ٹوئسٹ آتے ہیں۔

ٹریلر میں جہاں حریم فاروق اور علی رحمٰن کو محبت کی خاطر فرار ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے، وہیں ان کے اس عمل سے ان کے خاندان کو غصے سے بھرپور بھی دکھایا گیا ہے اور وہ اس عمل کی وجہ سے ہیر کی جان لینے کو تیار دکھائی دیتے ہیں۔


ٹریلر دیکھ کر اندازا ہوتا ہے کہ ہیر کو بھگانے، اسے بچانے اور پھر اس سے پیار کرنے کے بعد اسے محبت کے لیے منانے کی کوشش کے دوران علی رحمٰن کئی مسائل کا سامنا کرنے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹریلر میں زارا شیخ کا ایکشن سے بھرپور کردار میں دکھایا گیا ہے۔

فلم میں حریم فاروق اور علی رحمٰن کے رومانس کے علاوہ بھی کہانیاں شامل ہیں—اسکرین شاٹ
ٹریلر سے اندازا ہوتا ہے کہ آمنہ شیخ بھی فلم میں مختصر مگر ایکشن سے بھرپور کردار میں کھائی دیں گی۔

’ہیر مان جا‘ کی مرکزی کہانی اگرچہ حریم فاروق (ہیر) اور علی رحمٰن خان (کبیر) کے رومانس کے گرد گھومتی ہے، تاہم فلم میں کچھ اور کہانیاں بھی شامل ہوں گی۔


ماضی میں فلم کے پروڈیوسر عمران کاظمی کہ چکے ہیں کہ ’ہیر مان جا‘ ملک میں غیرت کے نام پر ہونے والے قتل کے واقعات سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں مدد کرے گی۔


عمران کاظمی نے مزید بتایا تھا کہ فلم میں ہیر (حریم فاروق) ایک انتہائی رجعت پسند گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں جب کہ علی رحمٰن خان (کبیر) آرکیٹک کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جن کا ایک ہی خواب ہوتا ہے کہ وہ بلند و بالا عمارت تعمیر کریں۔


عمران کاظمی کے مطابق دونوں مرکزی کردار ایک دوسرے سے انتہائی مختلف ہیں اور ان میں کوئی بھی بات مشترک نہیں ہوتی اور وہ بار بار فلم میں ایک دوسرے سے اختلاف کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

فلم کے مرکزی کرداروں کا ایک دوسرے سے مختلف ہونے کے باوجود ان کے درمیان پیار ہونا اور پھر ان ہی کے پیار کے گرد کہانی گھومنے سے شائقین میں تجسس بڑھ گیا ہے کہ آخر دونوں کیسے ایک دوسرے سے ملتے ہیں اور کیسے ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کے جاری کیے گئے ٹیزر اور ٹریلر سے بھی اس بات کا اندازہ نہیں ہوتا کہ فلم کے دونوں مرکزی کردار کیسے ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوتے ہیں؟

ہدایت کار اظفر جعفری کی اس فلم کو رواں برس عیدالاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا۔

x

Check Also

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

آسکر اکیڈمی ایوارڈ یافتہ، پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے نے ایک اور عزاز حاصل کر ...

%d bloggers like this: