رشی کپورنےنیتو کوشادی کی پیشکش کیسےکی تھی ؟

بھارتی سابقہ اداکارہ اور چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی والدہ نیتوکپور کا کہنا ہے کہ اُنہیں رشی کپور نے ایک ڈنر کے دوران شادی کی پیشکش کی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتو کپور نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران اپنی اور رشی کپور کی شادی سے پہلے کی زندگی سے متعلق انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ ’رشی کپور کے ساتھ میری پہلی ملاقات بہت عجیب تھی، رشی کی عادت تھی کہ وہ ہر کسی کا مذاق بناتے تھے اور ہر کسی پر ہنستے تھے، رشی کپور ایک بگڑے ہوئے لڑکے تھے، انہوں نے پہلی ملاقات پر میرے میک اپ اور میرے کپڑوں کا مذاق بنایا تھا، جس پر مجھے بہت غصہ آیا تھا مگر میں چُپ رہی کیوں کہ میں اُس وقت چھوٹی تھی اور رشی کپور کی عادتوں سے ڈرتی تھی۔‘

نیتو کپور نے کہا کہ شادی سے پہلے میں اور رشی 3 سال تک ڈیٹ کرتے رہے ، مجھے نہیں معلوم تھا کہ رشی کپور مجھ سے شادی کے بارے میں سوچ رہے ہیں، انہوں نے کبھی اس بات  کا ذکر بھی نہیں کیا تھا کہ وہ مجھ سے شادی کرنا چاہتے ہیں، ایک ڈنر کے دوران رشی نے مجھ سے شادی سے متعلق پوچھا کہ میں شادی کب کر رہی ہوں، کیوںکہ میں نے بہت سارے بڑے بڑے پروجیکٹ سائن کر رکھے تھے۔

نیتو نے انٹرویو کے دوران مزید بتایا کہ میں نے رشی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ شادی کے لیے کسی لڑکے کا ہونا ضروری ہے، میری نظر میں ایسا کوئی نہیں ہے، جس پر رشی نے مجھ سے پوچھا ’ تو پھر میں کون ہوں؟‘

61 سالہ نیتو نے کہا کہ اس کے بعد میں نے سائن کی ہوئی ساری فلموں کے ایڈوانس واپس کر دیئےاور جن فلموں کی شوٹنگ جاری تھی ان سب کو ایک سال کے اندر ندر شادی سے پہلے مکمل کیا، وہ سال بہت مشکل اور تھکا دینے والا تھا۔

فلم ’ امر، اکبر ، اینتھونی‘ کی ہیروئن نیتو کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد میرے شوہر رشی کپور نے مجھے فلم انڈسٹری چھوڑنے اور باقاعدہ فیملی کی شروعات کے لیے کہا، ایسا بالکل نہیں ہے کہ ایک خاتون شادی کے بعد اپنی مصروفیات جاری نہیں رکھ سکتی، میں 15 سال سے انڈسٹری میں کام کر رہی تھی اور تھک چکی تھی، باقی زندگی سادگی سے گزارنا چاہتی تھی۔

رشی کپور اور نیتو کپوربھارتی فلم انڈسٹری اور عام زندگی کی ایک کامیاب جوڑی ہے جن کی شادی کو 39سال ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ نیتو اور رشی کپور بھارتی فلم انڈسٹری کی فلم ’ امر، اکبر، اینتھونی‘ ، ’کھیل کھیل میں‘ اور ’کبھی کبھی‘ جیسی بلاک بسٹر فلموں میں ایک ساتھ اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

x

Check Also

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

آسکر اکیڈمی ایوارڈ یافتہ، پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے نے ایک اور عزاز حاصل کر ...

%d bloggers like this: