آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کوہرادیا

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے 37 ویں میچ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 86 رنز سے شکست دے دی۔

میچ میں کیا ہوا؟
لارڈز میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنک کا فیصلہ کیا تو صرف 95 رنز کے مجموعی سکور پر اس کی نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ اس موقع پر عثمان خواجہ اور ایلکس کیری نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 107 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو سنبھالا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ چار، فرگوسن اور نیشم دو، دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے 88 جبکہ ایلکس کیری نے 71 رنز بنائے۔

244 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز تباہ کن رہا اور صرف 118 رنز کے مجموعی سکور پر اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کے بلے باز آسٹریلوی ٹیم کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ٹھہر نہ سکے اور پوری ٹیم (43.4) اوورز میں 157 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جیت میں نمایاں کردار مچل سٹار نے ادا کیا جنھوں نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

میچ کا بہترین کھلاڑی
آسٹریلیا کے ایکلس کیری کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انھوں نے 11 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انھوں نے عثمان خواجہ کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو مشکل صورتِ حال سے نکالا۔

میچ کا بہترین بولر
آسٹریلیا کے بولر مچل سٹارک میچ کے بہترین بولر رہے۔ انھوں نے 9.4 اوورز میں 26 رنز دے کر پانچ کیوی بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ رواں ورلڈ کپ میں وہ اب تک آٹھ میچوں میں 24 وکٹیں لے کر سرِ فہرست ہیں۔

ٹرینٹ بولٹ کی ہیٹ ٹرک
نیوزی لینڈ کے بولر ٹرینٹ بولٹ نے آسٹریلوی اننگز کے آخری اوور میں ہیٹ ٹرک کی۔ انھوں نے آخری اوور کی تیسری، چوتھی اور پانچویں گیند پر عثمان خواجہ اور مچل سٹارک کو بولڈ جبکہ جیسن برینڈوف کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی
دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کی اس ٹورنامنٹ میں پر میچ کے ساتھ کارکردگی بہتر سے بہتر ہوتی جا رہی ہے۔ آسٹریلیا نے اب تک آٹھ میچ کھیلے ہیں اور اسے صرف ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آسٹریلیا نے اس ورلڈ کپ میں اب 14 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔

جہاں تک نیوزی لینڈ کی اس ٹورنامنٹ کارکردگی کا سوال ہے تو وہ پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے میچ سے پہلے ناقابلِ شکست تھی تاہم پہلے پاکستان اور اب آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد آٹھ میچوں میں وہ 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ اپنا آخری میچ تین جولائی کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

بشکریہ بی بی سی اردو

x

Check Also

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی  انشا آفریدی گزشتہ روز  پیا ...

%d bloggers like this: