بہت سے پاکستانی اداکار اپنے سینما کے ساتھ ساتھ بولی وڈ انڈسٹری میں بھی اپنی قسمت آزما چکے ہیں تاہم ایسے پاکستانی اداکار بھی ہیں جن کو بولی وڈ میں کام کرنے کا موقع بھی ملا تاہم انہوں نے اس سے انکار کردیا۔
ایسے ہی ایک اداکارہ نادیہ جمیل ہیں جو بہترین اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنے سماجی کاموں کے باعث بھی پہچانی جاتی ہیں۔
نادیہ جمیل حال ہی میں روائنڈ ود ثمینہ پیرزادہ کے شو پر جلوہ گر ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے حوالے سے کئی دلچسپ باتوں کا انکشاف کیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کے بہترین دور میں بولی وڈ کی کامیاب فلم ‘ویر زارا’ کے ہدایت کار یش چوپڑا سے ملاقات کی تھی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ہدایت کار یش چوپڑا نے انہیں فلم ‘ویر زارا’ میں بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کی آفر دی تھی۔
اس فلم میں شاہ رخ خان ‘ویر’ بنے تھے، ‘زارا’ کا کردار پریتی زنٹا نے نبھایا تھا، جبکہ رانی مکھرجی ایک وکیل کے روپ میں نظر آئیں تھی۔
نادیہ جمیل نے بتایا کہ یش چوپڑا نے انہیں فلم میں رانی مکھرجی کا کردار ادا کرنے کی آفر دی، تاہم انہوں نے اس کردار کو نبھانے سے انکار کردیا۔
اس حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘میرے کیریئر کا خاص حصہ وہ تھا جب میری ملاقات یش چوپڑا سے ہوئی، ویر زارا بننے ہی والی تھی، میری امی میرے ساتھ تھیں اور وہ میرے دو ماہ کے بیٹے کا دیہان رکھ رہی تھیں، لیکن مجھے اس وقت ایسا لگا کہ اگر میں ابھی اس راہ پر چلا جاؤں تو پھر مجھے اس کی عادت ہوجائے گی اور پھر میں اسے چھوڑ نہیں پاؤں گی، اس وقت میں نے سوچا کہ یا میں ایک ماں بن جاؤں یا پھر اداکارہ، اس لیے میں نے اس کردار کو ٹھکرا دیا، لیکن اس موقع پر میں یش چوپڑا اور ان کی فیملی سے کافی قریب ہوگئی’۔
یاد رہے کہ نادیہ جمیل نے اس سے قبل اس ہی انٹرویو کے حوالے سے فیس بک پر ایک پوسٹ کی تھی، جس میں انہوں نے شو کے اسپانسر فیئر اینڈ لولی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس برینڈ سے کوئی تعلق نہیں رکھنا چاہتی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ شو کی ریکارڈنگ سے قبل وہ نہیں جانتی تھی کہ اس کا اسپانسر فیئر اینڈ لولی برینڈ ہے۔
نادیہ کے مطابق اگر وہ جانتی ہوتی تو وہ کبھی اس شو کا حصہ نہیں بنتی۔
انہوں نے فیئر اینڈ لولی برینڈ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا تھا کہ یہ برینڈ گورے رنگ کی تشہیر کررہا ہے جبکہ وہ خواتین جن کا رنگ گورا نہیں، یہ انہیں احساس دلاتا ہے کہ ان میں کچھ کمی ہے۔
نادیہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگی میں کبھی ایسے کسی برینڈ کا حصہ نہیں بنیں گی جو خواتین کو اپنے رنگ کو گورا کرنے کا مشورہ دے۔
البتہ اس دوران انہوں نے ثمینہ پیرزادہ کے حوالے سے لکھا کہ وہ ان کی بےحد عزت کرتی ہیں۔