وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے بول نیوز کے اینکرپرسن سمیع ابراہیم کو تھپڑ دے مارا۔
اطلاعات کے مطابق دونوں فیصل آباد میں شادی کی تقریب میں شریک تھے، تلخ کلامی سے اشتعال بڑھا اور وفاقی وزیر نے اینکرپرسن کو تھپڑ مار دیا۔
فیصل آباد میں 92 نیوز کے مالک چودھری عبدالرشید کی بھتیجی اور میاں حنیف کی بیٹی کی شادی تھی جس میں صحافیوں اور سیاست دانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
اس سے پہلے فواد چودھری اور سمیع ابراہیم کے درمیان سوشل میڈیا پر جنگ چھڑی رہی تھی۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سمیع ابراہیم کے الزامات کے بعد سوشل میڈیا پر انتہائی غصے کا اظہار کیا تھا۔
سمیع ابراہیم نے الزام عائد کیا تھا کہ عید کے بعد انڈیا اور امریکا کی حمایت سے سازش ہوگی جس میں تحریک انصاف کے اپنے لوگ بھی شامل ہوں گے۔ اس سازش کا مقصد عمران خان کو وزرات عظمیٰ سے ہٹانا اور فوج کے بارے میں عوامی اعتماد کو مسخ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ فواد چوہدری کا رابطہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے اور پس پردہ حکومت مخالف تحریک کے ساتھ ہیں۔
فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر اس کا جواب دیتے ہوئے انتہائی سخت زبان استعمال کی ہے۔ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ اگر میں سمیع ابراہیم کو دو کروڑ روپے کے اشتہار دے دیتا تو وہ دن رات میری تعریفیں کرتا۔
واضح رہے کہ سمیع ابراہیم بول ٹی وی چینل میں اہم عہدے پر فائز ہے جو کئی برسوں سے بحران کا شکار ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سمیع ابراہیم کا پورا خاندان امریکا میں مقیم ہے اور اس کو یہاں پاکستان میں دوسروں کی پگڑی اچھالنے کی نوکری ملی ہوئی ہے۔
One comment
Pingback: Dunya Today