ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ نے بنگلا دیش کو 106 رنز سے شکست دے دی

ورلڈ کپ 2019: انگلینڈ نے بنگلا دیش کو 106 رنز سے شکست دے دی

کارڈف: ورلڈکپ 2019 کے 12 ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے بنگلا دیش کو 106 رنز سے شکست دیدی۔

انگلینڈ کے 387 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم 49 ویں اوور میں 280 رنز پر ڈھیر ہوئی۔ 

کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ کی جانب سے جیسن رائے اور جونی برسٹو نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو 128 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ جونی برسٹو 51 رنز بنا کر مشرفی مرتضیٰ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کو دوسرا نقصان 205 رنز پر اٹھانا پڑا جب جو روٹ 21 رنز بنا کر محمد سیف الدین کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

انگلش اوپنر جیسن رائے نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 153 رنز کی اننگز کھیلی۔

جوز بٹلر نے بھی 44 گیندوں پر 4 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔

ٹیل اینڈرز نے بھی اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجانے میں اپنا کردار ادا کیا، لیام پلنکٹ نے 9 گیندوں پر 28 جب کہ کرس ووکس نے 8 گیندوں پر 18 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بنائے جب کہ بنگلا دیش کی جانب سے محمد سیف الدین اور مہدی حسن مرزا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کے 387 رنز کے ہدف میں بنگلادیش کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور ابتداء میں ہی سومیہ سرکار 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تمیم اقبال تھے جو کہ 19 رنز بناکر پویلین لوٹے، تیسری وکٹ کی شراکت میں مشفیق الرحیم اور شکیب الحسن نے 106 رنز کی پارٹنرشپ بناکر مزاحمت کی کوشش کی تاہم 169 کے مجوعی اسکور پر مشفیق الرحیم 44 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

شکیب الحسن نے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن وہ بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلاسکے۔

بنگلادیش کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 280 رنز پر ڈھیر ہوئی اور اسے میچ میں 106 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بنگلادیش کی جانب سے شکیب الحسن 121 اور مشفیق الرحیم 44 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ انگلش ٹیم کے آرچر اور اسٹوکس نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 

میگا ایونٹ میں انگلینڈ نے 3 میں سے 2 میچز میں کامیابی حاصل کی جب کہ ایک میں اسے پاکستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بنگلادیش کو 3 میچز میں سے 2 میں شکست اور ایک میں کامیابی حاصل ہوئی۔

x

Check Also

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی  انشا آفریدی گزشتہ روز  پیا ...

%d bloggers like this: