ٹاؤنٹن: ورلـڈ کپ کے تیرہویں میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔
افغانستان کا 173 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے 33 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
ٹاؤنٹن کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کیوی قائد کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
افغانستان کی ٹیم نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا۔
بارش رکنے کے باعث کھیل کا دوبارہ آغاز کیا گیا لیکن ایک بار پھر صرف دو اوورز کے کھیل کے بعد بارش شروع ہو گئی اور میچ کو دوبارہ روکنا پڑا۔ میچ روکا گیا تو افغانستان نے 22.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بنا لیے تھے۔
افغان بلے باز کیوی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری ٹیم 42 ویں اوور میں 172 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
افغانستان کی جانب سے ہشمت اللہ شاہدی نے 59 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ حضرت اللہ ززئی نے 34 اور نور علی زردارن نے 31 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر جیمز نیشام نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فاسٹ بولر لوکی فرگوسن نے 4 شکار کئے اور ایک وکٹ کولن ڈی گرینڈ ہوم کے حصے میں آئی۔
افغانستان کے 173 کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے جو کہ مایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں گپٹل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، کولن منرو بھی 41 کے مجموعی اسکور پر 22 رنز بناکر آفتاب عالم کا شکار بنے۔
تیسری وکٹ کی شراکت میں ٹیلر اور ولیمسن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 89 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم 130 کے مجموعی اسکور پر ٹیلر 48 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ولیمسن کی شاندار بیٹنگ کے بدولت نیوزی لینڈ نے 33 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا اور افغان ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیمسن 79 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جب کہ ٹیلر 48 رنز بناکر نمایاں رہے۔ افغانستان کے آفتاب عالم نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔