معروف ٹی وی سیریز گیم آف تھرونز کی اداکارہ صوفی ٹرنر نے ساتھی اداکار اور گلوکار جو جونس کے ساتھ لاس ویگاس میں شادی کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری اطلاعات کے مطابق صوفی ٹرنر اور جو جونس نے خفیہ طور پر شادی کی پلاننگ کی، تاہم سوشل میڈیا کی مہربانیوں سے شادی خفیہ نہ رہ سکی۔
اس شادی کی دلچسپ بات یہ کہ دونوں نے اس خفیہ شادی پر اپنے اپنے والدین کو بھی مدعو نہیں کیا، تاہم صوفی ٹرنر کے والدین نے اپنی بیٹی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔ شادی کی اس تقریب کیلئے امریکی شہر لاس ویگاس کا انتخاب کیا گیا۔
اداکارہ صوفی ٹرنر کی اداکار اور گلوکار جو جونس کے ساتھ شادی پر صوفی کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی نے ان کو فون پر آگاہ ضرور کیا کہ وہ لاس ویگاس میں جو جونس کے ساتھ شادی کرنے جا رہی ہیں لیکن انہوں نے شادی میں شرکت کی دعوت نہیں دی۔
صوفی ٹرنر کی والدہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کے شوہر اینڈرا اپنی بیٹی کی شادی پر خوش ہیں اور ان کی آئندہ زندگی کیلئے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔
دونوں کی جانب سے والدین کو شادی پر مدعو نہ کیے جانے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں۔