بھارتیوں نے سلمان خان کی فلم ’’بھارت‘‘ کے نام پر اعتراض اٹھاتے ہوئے فلم کا نام تبدیل کرنے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔
بھارت میں پچھلے کچھ عرصے سے ہر نئی ریلیز ہونے والی فلموں پر اعتراض اٹھانے کا نیا ٹرینڈ چل پڑا ہے، جب بھی کسی سپراسٹار یا بڑے بجٹ کی فلم ریلیز ہونے والی ہوتی ہے بھارتی کبھی اس کے نام پر اورکبھی فلم میں شامل کسی ڈائیلاگ پرکوئی نہ کوئی اعتراض اٹھا کر فلم کی ریلیز رکوانے کی کوشش کرتے ہیں، اور اب بھارتیوں کے اعتراض کا شکار ہوئی ہے بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی فلم’’بھارت‘‘۔
بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان اور کترینہ کیف کی فلم’’بھارت‘‘عیدالفطر پر نمائش کے لیے تیار ہے، تاہم نمائش سے چند روز قبل وکاس تیاگی نامی شخص نے فلم کے نام اور فلم میں سلمان خان کے نام’’بھارت‘‘ پر اعتراض کرتے ہوئے دہلی ہائی کورٹ میں پبلک انٹرسٹ لیٹیگیشن (پی آئی ایل) درخواست جمع کرائی ہے۔
درخواست میں فلم کے نام پر اعتراض کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلم میں اس نام کے استعمال سے ہماری ثقافت اورسیاسی امیج کو مسخ کیاجارہا ہے، لہذٰا فلم کا نام تبدیل کیاجائے۔ اس کے علاوہ’’بھارت‘‘نام کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیاجاسکتا۔
وکاس تیاگی کو صرف فلم کے نام پر ہی نہیں بلکہ فلم میں شامل ایک ڈائیلاگ پر بھی اعتراض ہے جس میں بھارت کا موازنہ کیاگیا ہے، اور اس نے اس ڈائیلاگ کو بھی تبدیل کرنے کا مطالبہ کیاہے ، وکاس کا کہنا ہے کہ اس ڈائیلاگ سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوں گے۔
درخواست گزار تیاگی نے مزید کہا یہ فلم سلمان خان کی فحاشی سے بھری ہوئی ہے اور بطور ’’بھارتی‘‘ مجھے لگتا ہے کہ ’’بھارت‘‘ نام فلم کے ٹائٹل اورکردار کے لیے نامناسب ہے۔