جسمانی ساخت و خدوخال پر ودیا بالن کی آگاہی مہم

اداکارہ ودیا بالن کا شمار ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہیں اضافی وزن، سانولی رنگت اور چھوٹے قد کی وجہ سے کبھی نہ کبھی تضہیک کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

ودیا بالن ماضی میں متعدد بار اعتراف کر چکی ہیں کہ انہیں اضافی وزن اور رنگت کی وجہ سے کیریئر کے آغاز میں تضہیک کا نشانہ بنایا گیا، انہیں کچھ فلموں میں کاسٹ کرنے سے گریز کیا گیا جب کہ ان کی رنگت پر بھی طرح طرح کی باتیں بنائی گئیں۔

نہ صرف ودیا بالن بلکہ بولی وڈ سمیت ہولی وڈ اور کئی پاکستانی اداکارائیں بھی خواتین کو جسمانی ساخت، خدوخال، رنگت، قد اور وزن کی وجہ سے نشانہ بنائے جانے پر بات کر چکی ہیں۔

لیکن اب ودیا بالن نے ایسی ہی باتوں پر دوسروں کو تضہیک کا نشانہ بنائے جانے والوں کو پیغام دیتے ہوئے ایک آگاہی ویڈیو جاری کی ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
ودیا بالن کی جانب سے جاری کی گئی تین منٹ سے کم دورانیے کی ویڈیو میں اداکارہ کو لوگوں کو جسمانی ساخت، خدوخال، رنگت، وزن اور قد کی وجہ سے تضہیک کا نشانہ بنائے جانے پر بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ودیا بالن ویڈیو کے آغاز میں ہی بولی وڈ کے مقبول گیت ’کبھی تو چھلیا لگتا ہے‘ کی طرز پر گانے کے بول بولتی دکھائی دیتی ہیں۔

ودیا بالن ویڈیو کے آغاز میں ہی گنگناتی دکھائی دیتی ہیں کہ ’ کبھی تو موٹی کہتا ہے، کبھی تو چھوٹی کہتا ہے، کبھی تو کالی کہتا ہے، کبھی تو سانولی کہتا ہے، تیری ان باتوں سے میرا دل دکھتا ہے، تو جانے انجانے میں کیوں نادانی کرتا ہے‘۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گانا گنگنانے کے دوران ودیا بالن انتہائی جذباتی ہوجاتی ہیں اور ان کی آنکھوں سے آنسوں بہنے لگتے ہیں اور آواز بھی ان کا ساتھ نہیں دیتی۔

انتہائی جذباتی پیغام کے بعد اداکارہ ویڈیو کے آخر میں لوگوں کو قد، وزن، رنگت، جسمانی ساخت اور خدوخال کی وجہ سے تنقید اور تضہیک کا نشانہ بنائے جانے پر بات کرتے ہوئے پیغام دیتی ہیں کہ کیا کسی نے ایسا کرنے سے قبل یہ سوچا ہے کہ ان کے ایسے عمل پر متاثرہ شخص پر کیا گزرتی ہوگی؟

اداکارہ ویڈیو کے آخر میں پیغام دیتی دکھائی دیتی ہیں کہ دنیا کا ہر انسان مختلف ہے، کیوں کہ دنیا کا ہر انسان خاص ہے‘۔

ودیا بالن کی جانب سے جاری کی گئی یہ ویڈیو ان کی جانب سے جلد ہی کیے جانے والے ریڈیو شو ’دھن بدل کے دیکھ‘ کی پروموشن کے سلسلے میں جاری کیا گیا۔

ودیا بالن سے قبل بھی کرینہ کپور، کرن جوہر، نیہا دھوپیا اور دیگر بولی وڈ شخصیات ریڈیو شوز کرتی آئی ہیں۔

x

Check Also

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

آسکر اکیڈمی ایوارڈ یافتہ، پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے نے ایک اور عزاز حاصل کر ...

%d bloggers like this: