میشا شفیع کو جنسی ہراساں کرنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، گواہ

گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے گلوکار علی ظفر پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات لگانے کے کیس میں عدالت میں پیش ہونے والے گواہوں نے گلوکارہ کے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے سامنے میشا شفیع کو ہراساں کرنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

میشا شفیع کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے جانے کے بعد گلوکار و اداکار علی ظفر کی جانب سے گلوکارہ کے خلاف دائر کیے گئے ہتک عزت کے دعوے کی سماعت سیشن کورٹ لاہور میں ہوئی۔

سیشن جج امجد علی شاہ کی جانب سے کی جانے والی سماعت کے دوران علی ظفر کی جانب سے پیش کیے گئے 5 گواہان پر جرح مکمل کرلی گئی۔

جن گواہوں پر جرح مکمل کی گئی انہوں نے گزشتہ سماعت کے دوران 21 مئی کو عدالت میں بیان حلفی جمع کرائے تھے جن میں انہوں نے میشا شفیع کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

بیان حلفی جمع کرانے والے 8 میں سے 5 گواہان پر جرح مکمل کرلی گئی جب کہ مزید تین گواہان کو 30 مئی کو جرح کےلیے طلب کرلیا گیا۔

جرح کے دوران پانچوں گواہوں نے میشا شفیع کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ ان کے سامنے گلوکارہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

جرح کے دوران خاتون گواہ کنیزہ منیر نے عدالت کو بتایا کہ جس دن جنسی ہراساں کیے جانے کی بات کی جا رہی ہے اس دن ریہرسل کے دوران گلوکار علی ظفر کی اہلیہ بھی وہاں موجود تھی۔

کنیزہ منیر کے مطابق جس دن جنسی ہراساں کیے جانے کا ذکر کیا جا رہا ہے اس دن وہ علی ظفر اور میشا شفیع سے محض 5 فٹ کی دوری پر موجود تھیں اور ان کے سامنے کوئی واقعہ نہیں ہوا۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وہ خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے خلاف شروع ہونے والی سوشل میڈیا کی مہم ’می ٹو‘ پر یقین رکھتی ہیں۔

کنیزہ منیر کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے واقعات کی رپورٹس کم کرواتی ہیں۔

عدالت نے 5 گواہان پر جرح مکمل ہونے کے بعد مزید تین گواہوں کو 30 مئی کو طلب کرتے ہوئے دونوں فریقین کے وکلاء کو بھی طلب کرلیا۔

خیال رہے کہ رواں ماہ 21 مئی کو ہونے والی سماعت کے دوران گواہان کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے بیان حلفی میں بھی کہا گیا تھا کہ جیمنگ سیشن کے دوران جنسی ہراساں کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

بیان حلفی جمع کروانے والوں میں گٹارسٹ اسد احمد، موسیقار کاشف چمن، کی بورڈ پلیئرجوشوا کیتھ، بیس پلئیر محمد علی، ڈرمر قیصر زین، گلوکارہ اقصیٰ علی اور موسیقار محمد تقی شامل تھے۔

جیمنگ سیشن کے حوالے سے میشا شفیع نے علی ظفر ہر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا یہ تمام افراد بھی اس وقت وہاں موجود تھے، جیمنگ سیشن 22 فروری 2017 کو ہوا تھا۔

دونوں فنکاروں کے درمیان تنازع اپریل 2018 میں اس وقت سامنے آیا جب میشا شفیع نے علی ظفر پر ایک ٹوئٹ میں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ علی ظفر نے انہیں ایسے وقت میں جنسی طور پر ہراساں کیا جب وہ 2 بچوں کی ماں اور معروف گلوکار بھی بن چکی تھیں۔

تاہم علی ظفر نے ان کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں اپنے خلاف سازش قرار دیا تھا۔

بعد ازاں میشا شفیع نے علی ظفر کے خلاف جنسی ہراساں کرنے کی محتسب اعلیٰ میں درخواست بھی دائر کی تھی اور اس کے جواب میں علی ظفر نے بھی گلوکارہ کے خلاف 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

اور دونوں کا یہی کیس لاہور کی سیشن کورٹ میں زیر سماعت ہے اور لاہور ہائی کورٹ نے ماتحت عدالت کو تین ماہ کے اندر گواہوں پر جرح کے بعد فیصلہ سنانے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

چند دن قبل سماعت میں پیش ہونے کے بعد علی ظفر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایک بار پھر میشا شفیع کے الزامات کو جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ میشا شفیع نے انہیں منظم منصوبہ بندی کے تحت ٹارگٹ کیا۔

علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع پر منظم منصوبہ بندی کے الزامات لگائے جانے کے بعد گلوکارہ نے علی ظفر کو 200 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا اور ان سے 15 دن کے اندر معافی مانگنےکا مطالبہ کیا تھا۔

علاوہ ازیں میشا شفیع نے گواہوں سے جرح کے معاملے پر بھی سپریم کورٹ الگ درخواست دائر کی تھی جس میں گواہوں سے جرح کے لیے وقت مانگا گیا تھا۔

عدالت عظمیٰ نے 9 مئی کو کیس کی سماعت کرتے ہوئے میشا شفیع کے وکلاء کو گواہوں سے جرح کرنے کے لیے 7 دن کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ کوشش کرکے گواہوں سے جرح ایک دن میں مکمل کی جائے اور اس کیس میں مزید متفرق درخواستیں دائر نہ کی جائیں۔

علاوہ ازیں میشا شفیع نے سیشن کورٹ میں سماعتیں کرنے والے پہلے جج پر جانبدار ہونے کا الزام لگایا تھا اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جج تبدیل کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔

پہلے اس کیس کی سماعت سیشن جج شکیل احمد کرتے تھے جسے گلوکارہ کی درخوست پر تبدیل کیا گیا۔

x

Check Also

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

آسکر اکیڈمی ایوارڈ یافتہ، پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے نے ایک اور عزاز حاصل کر ...

%d bloggers like this: