ویسٹ انڈیز کے 421 رنز

ورلڈکپ 2019 کے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے مضبوط حریف نیوزی لینڈ کے خلاف 421 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیکر پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا افتتاحی میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔

برسٹل میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جسے ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے غلط ثابت کیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز جارح مزاج کرس گیل اور لیوس نے کیا اور ٹیم کو 59 رنز کا آغاز دیا تاہم گیل 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کالی آندھی کے نام سے مشہور ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے شائی ہوپ اور آندرے رسل کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کیویز کو پہاڑ جیسا ہدف دیا، ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم آخری اوور کی دوسری گیند پر 421 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائی ہوپ 101، رسل 54 اور لیوس 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ویسٹ انڈیز کے 422 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کیویز اچھا آغاز نہ کرسکے اور 33 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی تین کھلاڑی پویلین لوٹے۔

کیویز کی پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 330 رنز بناکر آؤٹ ہوئی اور اسے میچ میں 91 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹوم بلنڈر نے سنچری بنائی جو کہ رائیگاں گئی جب کہ کین ولیمسن 85 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ویسٹ انڈیز کے بریتھ ویٹ نے 3، ایلن نے 2، کوٹ ریل، روچ، تھامس اور نرس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارت نے بنگلہ دیش کو 95 رنز سے شکست دیے دی

کارڈف میں کھیلے گئے دوسرے وارم اپ میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 95 رنز سے شکست دے دی۔

بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز روہت شرما اور شیکھر دھون نے کیا لیکن ابتداء میں ہی بھارتی ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑا اور شیکھر دھون ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

بھارت نے ایم ایس دھونی اور کے ایل راہول کی شاندار بیٹنگ کے بدولت مقررہ 50 اوورز میں 359 رنز بنائے، سابق کپتان دھونی 113 اور ایل کے راہول 108 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے روبیل حسین اور شکیب الحسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بھارت کے 360 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز کی جانب سے لٹن داس اور سومیا سرکار نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم 49 رنز پر سومیا سرکار 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شکیب بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

مشفیق الرحمان اور لٹن داس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 120 رنز کی شراکت قائم کی لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بنگال ٹائیگرز لڑکھڑا گئے اور پوری ٹیم آخری اوور میں 264 رنز بناکر ڈھیر ہوئی۔

بنگلہ دیش کو 95 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، مشفیق الرحمان 90 اور لٹن داس 73 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو اور چہل نے 3، 3 جب کہ محمد شامی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ورلڈ کپ کا باضابطہ آغاز 30 مئی سے ہوگا اور افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

x

Check Also

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی  انشا آفریدی گزشتہ روز  پیا ...

%d bloggers like this: