بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے باربی ڈول کے نام سے مشہور اپنی سابقہ محبوبہ کترینہ کیف کو شادی کا مشورہ دے دیا اور ساتھ ہی اُنہوں نے ایک انوکھی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے۔
بالی ووڈ ہنگامہ میں انٹرویو کے دوران سلمان خان سےایک سوال پوچھا گیا کہ ’’ اگرکترینہ اداکارہ نہ ہوتیں تو کیا ہوتیں ؟ جس کے جواب میں سلمان خان نے فوراً جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ کترینہ کو شادی کر لینی چاہیے اور بچے پیدا کرنے چاہیں۔‘‘
سلمان خان کی اس بات پر کترینہ کیف نےحیرانگی سےانہیں کہا کہ کسی پیشے کا نام لیں لیکن سلمان خان اپنے جواب پر ڈٹے رہے اور کہا کہ ’’ ماں ہونا بھی ایک بہت بڑا کام ہے جو کہ آپ کو ہر وقت مصروف رکھتا ہے۔‘‘
دوسری طرف فلم زیرو کی پروموشن کے دوران کترینہ کیف سے ارباز خان نے اپنے چیٹ شو میں اُن کی شادی سے متعلق سوال کیا تھا، جس کے جواب میں اُنہوں نے کہا تھاکہ ’’ شادی کا ابھی کچھ کہہ نہیں سکتی، میں ایک وقت میں ایک کام کر سکتی ہوں ،زندگی کا کچھ پتہ نہیں کب کیا ہو جائے۔‘‘
کترینہ کا مزید کہنا تھا کہ ایک خاتون ہونے کے ناطے وہ سمجھتی ہیں کہ زندگی میں شادی اور بچے بھی ضروری ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں اداکار ماضی میں ایک دوسرے کے بہت قریبی دوست رہ چکے ہیں، ان کی جوڑی فلمی پردے سمیت عام زندگی میں بھی بے حد پسند کی جاتی ہے۔
کترینہ کی اگلی فلم ’ بھارت ‘ ہے جس میں وہ ادکار سلمان خان کے ساتھ نظر آئیں گی، فلم اگلے مہینے کی 5 تاریخ یعنی عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔