لاہور کی مقامی عدالت نے بچوں کا خرچ ادا نہ کرنے پر اسٹیج کے معروف اداکار طارق ٹیڈی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور فیملی عدالت کی جج مائرہ حسن نے طارق ٹیڈی کی سابق اہلیہ عاصمہ کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے بچوں کا خرچہ ادا نہ کرنے پر طارق ٹیڈی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور پولیس کو حکم دیا کہ وہ طارق ٹیڈی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرے۔
طارق ٹیڈی کی اہلیہ عاصمہ بی بی نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ ان کا سابق شوہر عدالتی حکم کے باوجود بچوں کا خرچہ ادا نہیں کررہا۔
عاصمہ بی بی نے عدالت کو بتایا کہ وہ اکیلی بچوں کا خرچہ برداشت نہیں کرسکتی اور ساتھ ہی عدالت سے استدعا کی کہ عدالت بچوں کا خرچہ ادا کرنے کا حکم دے
مذکورہ درخواست پر عدالت نے اسٹیج اداکار طارق ٹیڈی کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا لیکن وہ حالیہ سماعت پر پیش نہ ہوئے، جس پر عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ وہ طارق ٹیڈی کو 13 جون کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کریں۔