ایوینجرز اینڈ گیم نے تیز ترین 2 ارب ڈالرز (2 کھرب پاکستانی روپے سے زائد) کمانے کا ریکارڈ قائم کردیا ہے جبکہ اس نے کمائی کے معاملے میں ٹائیٹینک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اس فلم نے ریلیز کے پہلے ہفتے 1 ارب 20 کروڑ ڈالرز دنیا بھر سے کما کر متعدد ریکارڈز توڑ دیئے تھے۔اس فلم نے پہلے امریکا سمیت دنیا بھر میں پہلے ہفتے سب سے زیادہ بزنس کا ریکارڈ بنایا۔اس کے علاوہ چین اور بھارت میں سب سے بڑی اوپننگ کے ساتھ دوسرے ہفتے سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔اسی طرح تیز ترین ایک ارب ڈالرز کمانے کے بعد اب تیز ترین 2 ارب ڈالرز کمانے میں بھی کامیاب ہوگئی ہے اور اب تک مجموعی طور پر 2 ارب 18 کروڑ ڈالرز سے زائد کماچکی ہے۔اس طرح اس نے ایوینجرز انفٹنی وار، اسٹار وارز دی فورس اویکن اور ٹائیٹینک کو پیچھے چھوڑ کر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی دوسری فلم کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔اب اس کے سامنے اواتار کا چیلنج ہے جس نے 2 ارب 70 کروڑ ڈالرز سے زائد کمانے کا ریکارڈ بنایا تھا اور لگ بھگ 10 برسوں سے ناقابل شکست ثابت ہورہا تھا۔ایوینجرز اینڈگیم نے محض 11 دن میں 2 ارب ڈالرز کا ریکارڈ بنایا ہے جو اس سے قبل انفٹنی وار کے پاس تھا جس نے 47 دن میں اتنی کمائی کی تھی۔بھارت میں یہ پہلی ہولی وڈ فلم بننے والی ہے جو 300 کروڑ بھارتی روپے کمانے کے قریب ہے اور ہفتہ تک اس نے 290 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرلیا تھا۔درحقیقت یہ اب سنجو، دنگل، سلطان اور باہو بلی جیسی فلموں کے باکس آفس ریکارڈز کے لیے بھی خطرہ بن چکی ہے اور تیز ترین 300 کروڑ روپے کمانے کا ریکارڈ اپنے نام کرنے والی ہے یہ وہ ریکارڈ ہے جو آج تک عامر خان، سلمان خان یا شاہ رخ خان کی فلمیں بھی نہیں بناسکیں۔ایوینجرز اینڈگیم کی تیاری پر 35 کروڑ ڈالرز سے زائد خرچ کیے گئے تھے جبکہ اس کی تشہیر پر بھی کروڑوں ڈالرز کا خرچہ ہوا مگر یہ فلم اب 2 ارب ڈالرز کمانے کی جانب جارہی ہے مگر یہ اواتار سے سب سے زیادہ بزنس کرنے کا ریکارڈ چھین کر اپنے نام کرسکے گی یا نہیں، اس بارے میں فیصلہ آنے والے ہفتوں میں ہوگا جو 2 ارب 78 کروڑ ڈالرز بزنس کے ساتھ اس وقت سرفہرست ہے۔