تمام تر توجہ لوگوں کی صحت اور حفاظت پر ہے، پی سی بی

تمام تر توجہ لوگوں کی صحت اور حفاظت پر ہے، پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس جیسی عالمی وباء کے پیش نظر ماہ مقدس رمضان میں کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ چند منتظمین نے ہم سے رمضان کرکٹ کے لیے این او سی کے حصول کی غرض سے وضاحت طلب کرنے کے لیے رابطہ کیا۔ اس وقت مناسب یہی ہے کہ ہم اس سلسلے میں اپنی واضح اور جامع پالیسی پر عمل کریں، جس کے مطابق پی سی بی نے فی الوقت تمام تر کرکٹ سرگرمیوں کو معطل کر رکھا ہے۔ لہٰذا جب تک حالات معمول پر نہیں آتے پی سی بی رمضان کرکٹ کے لیے کوئی این او سی جاری نہیں کرے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک مشکل صورتحال ہے جہاں دنیا بھر میں معاشی اور کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں اور اس وقت تمام تر توجہ صرف لوگوں کی صحت اور حفاظت پر مرکوز ہے۔

اس میں مزید کہا گیا کہ پی سی بی منتظمین اور کرکٹرز سے درخواست کرتا ہے کہ وہ تمام تر احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرتے ہوئے گھروں میں رہیں اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی اجتماعی سرگرمی سے دور رہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی اپنے ملازمین اور کھلاڑیوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے بہت سنجیدہ ہے۔ ملازمین کے علاوہ تقریباََ 220 پیشہ ور کرکٹرز پی سی بی کے پے رول پر ہیں، پی سی بی اس عمل کو یقینی بنائے گا کہ تمام کھلاڑیوں کو کم از کم مالی سال برائے 2019-20 کے اختتام تک ان کی تنخواہیں ادا کی جائیں۔ علاوہ ازیں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ماہوار تنخواہ میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔

اس دوران پی سی بی ملک میں بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے اور جب مناسب ہوگا تو اپنی پالیسی میں ترمیم کرے گا۔

x

Check Also

کورونا وبا سے لڑنے والے ڈاکٹر اور نرسز ہمارے ہیروز ہیں، وقار یونس

لاہور: قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ کورونا سے دوسروں ...

%d bloggers like this: