کراچی: اداکار نعمان اعجاز نے کورونا وائرس کی وبا سے بچنے کے بجائے گھروں سے بلا ضرورت باہر گھومنے والوں کو شاعرانہ انداز میں جواب دیا ہے۔
اداکار نعمان اعجاز نے انسٹام گرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر حکومت کی جانب سے گھروں پر رہنے کی ہدایت پر عمل نہ کرنے والوں کو اپنی شاعری میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ:
یوں ہی بے سبب نہ پھرا کرو، کوئی شام گھر پر بھی رہا کرو
وہ غزل کی سچی کتاب ہے اسے چپکے چپکے پڑھا کرو
کوئی ہاتھ بھی نہ ملائے گا جب گلے ملو گے تپاک سے
یہ نئے مزاج کا شہر ہے ، ذرا فاصلے سے ملا کرو
نعمان اعجاز نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اگرآج ہم اپنا دماغ استعمال کرتے ہوئے یہ سمجھتے کہ موقع کی نزاکت کیا ہے تو آج سڑکوں پر ہماری پولیس اور فوج کھڑی نہ ہوتی، لیکن افسوس کی بات ہے کہ فوج اور پولیس کے موجود ہونے کے باوجود بھی ہم سمجھنے کی کوشش نہیں کر رہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عجیب لوگ ہیں ہم جب حکومت کہتی ہے کہ اپنا ووٹ ڈالنے کے لئے گھر سے باہر نکلیں تو ہم نہیں نکلتے لیکن جب یہی حکومت ہمیں کہتی ہے کہ گھروں پر رہیے کیوں کہ یہ ہماری زندگی کا سوال ہے تو ہمیں گھروں میں رہنے میں پتا نہیں کیا پریشانی ہے؟ اللہ کا واسطہ ہے کہ گھروں پر رہیں۔