امان اللہ بڑے فنکار تھے ہم سب انہیں یاد کریں گے، جونی لیور، رضا مراد

لاہور: کامیڈی کنگ امان اللہ کے انتقال کی خبر نے بھارتی فنکاروں کو بھی سوگوار کر دیا، بھارتی اداکار رضا مراد اور جونی لیور کا کہنا ہے امان اللہ بہت بڑے فنکار تھے، ان کا انتقال ایک سانحہ ہے وہ مایوس چہروں پر بھی خوشیاں بکھیرنے کا ہنر جانتے تھے۔

بھارت سے پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل سے ٹیلی فونک گفتگو میں بالی ووڈ کامیڈین جونی لیور نے امان اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

جونی لیور نے کہا کہ امان اللہ کی وفات کا بے حد افسوس ہے، میں ان کے چاہنے والوں کے ساتھ سوگوار ہوں، امان اللہ کے ساتھ بڑا گہرا تعلق تھا، ان کی وفات کا سن کر بہت دکھ ہوا، انہوں نے اپنی بیماری میں بہت تکلیفیں اٹھائیں، امان اللہ سینڈ اپ کامیڈی کے بہت بڑے فنکار تھے۔

جونی لیور نے مزید کہا کہ انہوں نے جو کام کیا وہ اتنا بڑا ہے کہ کوئی سوچ نہیں سکتا، میری اکثر ان سے فون پر بات ہوتی رہتی تھی، ہم سب امان اللہ کو بہت یاد کریں گے۔

بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا، رضا مراد

بھارتی اداکار رضا مراد نے امان اللہ کی وفات کو سانحہ قرار دیا۔ اپنے ویڈیو پیٖغام میں ان کا کہنا تھا کہ امان اللہ بہت بڑے فنکار تھے، ان کے جانے سے کرڑوں مداح غمگین اور سوگوار ہوگئے، بے شک زندگی اللہ تعالی کی امانت ہے، مایوس چہرے بھی امان اللہ کو دیکھ کے مسکرا اٹھتے تھے آج وہ ہمیں روتا ہوا چھوڑ گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ باصلاحیت فنکار کی خوبی تھی کہ وہ سب کو ہنسنے پر مجبور کر دیتے تھے، امان اللہ کی خوشگوار یادیں، باتیں اور ان کا مزاح ہمیشہ ہمارے پاس رہے گا۔ رضا مراد نے یہ شعر امان اللہ کی نذر کیا : ’’ ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پر روتی ہے، بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا‘‘۔

واضح رہے کہ کامیڈی کنگ کا لقب پانے والے اداکار امان اللہ آج انتقال کرگئے۔ وہ پھیپھڑوں، گردوں اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔ گزشتہ چند ماہ سے ان کی طبیعت مسلسل خراب تھی اور وہ تین ماہ کے دوران 3 سے 4 بار اسپتال داخل ہوئے۔

x

Check Also

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

آسکر اکیڈمی ایوارڈ یافتہ، پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے نے ایک اور عزاز حاصل کر ...

%d bloggers like this: