ڈیرن سیمی نے کوئی حوالہ دیے بغیر ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’میں سمجھ چکا ہوں کہ آپ اپنا کام مکمل کرنے تک ہی اہم ہیں‘۔
ان کے سوشل میڈیا پر پیغام کو ذومعنی قرار دیا جارہا ہے تاہم میچ کے دوران وہ ڈگ آؤٹ میں ران پر پٹی باندھے دکھائی دیے۔
پشاور زلمی کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کے خلاف میچ سے قبل اس وقت دھچکہ لگا جب کپتان ڈیرن سیمی ان فٹ ہونے کی وجہ میچ میں شریک نہیں ہوئے ان کی جگہ فاسٹ بولر وہاب ریاض کپتان کے روپ میں نظر آئے۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آسٹریلوی بیٹسمین شین واٹسن بھی مکمل فٹ نہیں ہیں۔ انہوں نے پیر کی شام قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں شرکت نہیں کی۔
شین واٹسن ملتان کے میچ میں فٹنس مسائل سے دوچار ہوئے تھے۔
پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی پچھلے میچ میں بھی گراؤنڈ میں مکمل فٹ دکھائی نہیں دے رہے تھے۔ مساجر ملنگ انہیں فٹ بنانے کے لیے مسلسل محنت کررہے ہیں۔
قبل ازیں کراچی کیخلاف میچ میں ٹاس کے وقت وہاب ریاض نے کہا کہ پشاور زلمی کے مستقل کپتان ڈیرن سیمی اس میچ میں آرام کررہے ہیں ان کی جگہ شعیب ملک کو شامل کیا گیا ہے۔
زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بھی کہا کہ ڈیر ن سیمی کو آرام دیا گیا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کو واپس لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اسی لیے صدر پاکستان نے سیمی کو اعزازی شہریت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں پشاور زلمی میں پاکستان ٹیم کے تجربہ کار اسپنر یاسر شاہ کو بھی پہلی مرتبہ موقع دیا گیا اور انہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے جارح مزاج بلے باز کارلوس بریتھ ویٹ بھی ٹیم کا حصہ تھے۔