پاکستان سپر لیگ 5 کے گانے ’تیار ہو‘ میں اپنی آواز کا جادو جگانے والے گلوکار علی عظمت کا کہنا ہے کہ ہمیں ہر فنکار کے گانوں کا خیر مقدم کرنا چاہیے۔
گلوکار علی عظمت کی جانب سے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پی ایس ایل 5 کے آفیشل گانے کی ایک تصویر شیئر کی گئی اور ساتھ ہی انہوں نے اس کے کیپشن میں پی ایس ایل 5 کے گانے کو لے کر ہونے والی بحث کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
علی عظمت نے اپنے طویل کیپشن کے آغاز میں کہا کہ ’ہر سال پاکستان سپر لیگ کا گانا جاری کیا جاتا ہے، جس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اس کا موازنہ گزشتہ گانوں سے کیا جائے‘۔
گلوکار نے کہا کہ ’اس موقع پر بننے والا کوئی بھی گانا،کسی نے بھی گایا ہو وہ جشن میں اضافہ ہی کرتا ہے اور ہمیں بطور قوم ہر اس موقع پر بننے والے ہر گانے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے‘۔
پی ایس ایل 5 کے گانے پر ہونے والی بحث کے حوالے سے علی عظمت نے کہا کہ ’ہم پی ایس ایل کے گانے میں دکھایا جانے والا اتحاد کا پیغام بھول کر اس پر زیادہ غور کرتے ہیں کہ یہ گانا کس نے گایا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں ہر فنکار کے گانے کاخیر مقدم کرنا چاہیئے جو اپنے گانے کے ذریعے کرکٹ اور پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں‘۔
اپنے کیپشن کے اختتام میں علی عظمت نے لکھا کہ پاکستان ہے ہمارا، پاکستان ہے تمہارا، پاکستان زندہ باد۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 5 کے ترانے ’تیار ہیں‘ میں اپنی آواز شامل کرنے والے گلوکار علی عظمت نے ایک انٹرویو میں علی ظفر کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک فنکار ہے انہوں نے گانے کو خراب کرنے کے لیے بلاگرز کا گروپ بنایا انہیں پیسے دیے تاکہ وہ گانے کو ناکام کریں اور سوشل میڈیا پر اس کے لیے مہم چلائیں۔
ایسے میں علی ظفر نے بھی ٹوئٹر پر علی عظمت کا نام لیے بغیر دھیمے انداز میں ان کے الزام کا کرارا جواب دیا۔
بعد ازاں علی ظفر نے پی ایس ایل 5 کے گانے ’تیار ہو‘ سے مایوس مداحوں کو خوشخبری بھی سنائی کہ وہ جلد پی ایس ایل کا نیا گانا ریلیز کریں گے جس کی ویڈیو میں وہ مداحوں کے ڈانس اسٹیپس شامل کریں گے۔