انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ کرکٹ کی تازہ درجہ بندی کی فہرست جاری کردی جہاں پاکستان ٹی ٹوئنٹی کی سرفہرست ٹیم اور بابراعظم بہترین بلے باز ہیں۔
آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق پوائنٹس کے واضح فرق سے پہلے نمبر پر موجود ہے، دوسرے نمبر پر آسٹریلیا اور تیسرے نمبر پر انگلینڈ کی ٹیم ہے۔
سرفہرست 5 ٹی ٹوئنٹی ٹیموںمیں جنوبی افریقہ کا نمبر چوتھا اور بھارت کا نمبر پانچ ہے، عالمی کپ 2019 کی رنر اپ ٹیم نیوزی لینڈ چھٹے جبکہ نوآموز افغانستان کی ٹیم نے ساتواں نمبر حاصل کرلیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی کی بہترین ٹیموں میں سری لنکا آٹھویں، بنگلہ دیش نویں، ویسٹ انڈیز دسویں اور زمبابوے گیارھویں نمبر موجود ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی طرز میں کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی میں پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم بدستور برتری حاصل کیے ہوئے ہیں اور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔
آسٹریلیا کے فنچ دوسرے، انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان تیسرے، نیوزی لینڈ کے کولن مینرو چوتھے، آسٹریلیا کے میکسویل پانچویں نمبر پر ہیں۔
بابراعظم کے علاوہ پاکستان کا کوئی اور بلے باز سرفہرست 10 نمبروں میں جگہ نہیں بناسکا جبکہ بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نویں اور انگلش کپتان آئن مورگن دسویں پوزیشن حاصل کرسکے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کے بہترین باؤلرز میں قومی ٹیم کے دو باؤلرز عماد وسیم اور شاداب خان 10 بہترین باؤلرز کی فہرست میں شامل ہیں جبکہ پہلی پوزیشن افغانستان کے کپتان راشد خان اور دوسری پوزیشن بھی افغان ٹیم کے مجیب الرحمٰن کے پاس ہے، تیسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر ہیں۔
عماد وسیم کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا چوتھا بہترین باؤلر قرار دیا گیا ہے اور شاداب خان آٹھویں نمبر پر ہیں۔
افغانستان کے محمد نبی ٹی ٹوئنٹی کے بہترین آل راؤنڈر ہیں جبکہ پاکستان کا کوئی کھلاڑی اس فہرست کے اولین 10 کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بناسکا تاہم عماد وسیم اور محمد حفیظ بالترتیب 16 اور 17 نمبر حاصل کرپائے ہیں۔
ایک روزہ کرکٹ کی تازہ درجہ بندی
آئی سی سی کی تازہ درجہ بندی کے مطابق عالمی چمپیئن انگلینڈ پہلے نمبر پر ہے جبکہ بھارت دوسرے اور ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم تیسرے نمبر پر ہے، سابق عالمی چمپیئن آسٹریلیا کا نمبر 4 اور جنوبی افریقہ پانچویں بہترین ٹیم ہے۔
پاکستان ٹیم نے ایک روزہ طرز کرکٹ کی تازہ درجہ بندی میں چھٹا نمبر حاصل کیا ہے، بنگلہ دیش کی ٹیم ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان کی ٹیم دسویں نمبر پر ہے۔
ایک روزہ کرکٹ میں کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کی پوزیشن میں پاکستان کے بابراعظم نے بیٹنگ میں تیسری پوزیشن اپنے نام کی ہے جبکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی پہلے اور روہت شرما دوسرے نمبر پر ہیں۔
جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی چوتھے، نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر پانچویں، کین ولیمسن چھٹے نمبر پر ہیں۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق 13 اور فخرزمان سولھویں نمبر پرموجود ہیں جس کے بعد حارث سہیل کا نمبر 32 ویں پوزیشن پر نظر آرہا ہے۔
ایک روزہ کرکٹ کے بہترین باؤلرز کی فہرست میں محمد عامر آٹھویں نمبر پر ہیں جبکہ بھارت کے جسپریت بھمرا پہلے، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ دوسرے، افغانستان کے مجیب الرحمٰن تیسرے، جنوبی افریقہ کے کگیسو رابادا چوتھے اور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پانچویں نمبر پر ہیں۔
قومی ٹیم کے عماد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی کے باؤلرز کے بعد ایک روزہ بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی بہترین پوزیشن حاصل کی ہے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں جہاں انگلینڈ کے بین اسٹوکس کا پہلا اور افغانستان کے محمد نبی کا دوسرا نمبر ہے۔
انگلینڈ کے کرس ووکس ایک روزہ کرکٹ کے بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں چوتھے اور افغانستان کے راشد خان پانچویں نمبر پر ہیں۔
پاکستان ٹیم کے تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ آل راؤنڈرز کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر ہں۔