پاکستان کرکٹ بور ڈ نے پی ایس ایل فائیو کے پلیئرز ڈرافٹ سے قبل مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز جاری کردی ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی، سہیل تنویر، عماد وسیم اور محمد نواز کو پلاٹینم کیٹیگری میں ترقی مل گئی ہے۔
پی سی بی کے مطابق، نئی کیٹیگریز کے اعلان کے بعد اب ٹیمیں پلیئرز ری ٹینشن اور ٹریڈ کرسکیں گی، پلیئرز کی ری ٹینشن اور ٹریڈ اس کیٹیگری میں ہی ہوگی جس میں وہ ہیں، ڈرافٹ سے قبل ٹیموں کے پاس کھلاڑیوں کی ریلیگشن کا آپشن موجود ہوگا۔
نئی کیٹیگریز کا اعلان پی سی بی نے تمام فرنچائزوں کی رائے کے بعد کیا ہے۔
قومی ٹی ٹوینٹی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سہیل تنویر ڈائمنڈ سے پلاٹینم کیٹیگری میں آگئے ہیں، عماد وسیم اور محمد نواز بھی پہلے ڈائمنڈ میں تھے جبکہ شاہین شاہ آفریدی گولڈ سے پلاٹینم کیٹیگری میں آئے ہیں۔
بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن علی، کامران اکمل، محمد عامر، محمد عرفان، سرفراز احمد، شاداب خان، شاہد آفریدی، شعیب ملک اور وہاب ریاض بھی ٹاپ کیٹیگری میں ہیں۔
احمد شہزاد، امام الحق، حارث سہیل، افتخار احمد اور احمد اکمل کی کیٹیگری اب پہلے سے بہتر ہوئی ہے، اب ڈائمنڈ کیٹیگری میں شامل ہیں۔
آصف علی، جنید خان، یاسر شاہ اور عثمان شنواری بھی ڈائمنڈ کیٹیگری میں شامل ہیں۔
پچھلے سیزن میں اسلام آباد کے کپتان نامزد ہونے والے محمد سمیع ڈائمنڈ سے گولڈ کیٹیگری میں چلے گئے۔
2019ء میں لاہور قلندرز کی دریافت حارث رؤف ٹیلنٹ ہنٹ کیٹیگری سے گولڈ میں آگئے، قلندرز کے سہیل اختر بھی گولڈ کیٹیگری میں ہیں۔ عمر خان پچھلے سیزن میں نمایاں پرفارمنس کے باوجود بھی ایمرجنگ کیٹیگری میں برقرار ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایک کرکٹر مسلسل دو سال تک ایمرجنگ کیٹیگری میں رہ سکتا ہے۔
پی سی بی کے مطابق غیر ملکی کرکٹرز اور پہلی مرتبہ لیگ میں شامل ہونے والے پلیئرز کی فہرست بعد میں جاری کی جائے گی۔