کیا حمزہ علی عباسی بھی شوبز انڈسٹری سے راہیں جدا کر رہے ہیں؟

کیا حمزہ عباسی شوبز انڈسٹری چھوڑنے والے ہیں؟

کیا حمزہ علی عباسی نے بھی اہلیہ نیمل خاور کی طرح شوبز انڈسٹری کو  خیرباد کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے؟ سوشل میڈیا پر اداکار کے ایک بیان کے بعد ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر حمزہ علی عباسی عام طور پر بے حد سرگرم نظر آتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کے مداحوں کو بھی ان کے ٹوئٹس کا انتظار رہتا ہے۔

گزشتہ روز اداکار حمزہ علی عباسی کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا جس میں انہوں نے لکھا کہ ’ایک دہائی سے زائد کا سفر اب اپنے اختتام کو پہنچا، میں اس ماہ کے اختتام پر ایک ضروری اعلان بھی کروں گا، امید ہے کہ میری آواز بہت سے لوگوں تک پہنچے گی۔

حمزہ علی عباسی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مزید لکھا کہ اس مہینے کے آخر تک میں سوشل میڈیا کا استعمال نہیں کروں گا۔

اداکار کے اس ٹوئٹ کے بعد ان کے مداحوں میں تجسس پھیل گیا اور  بعض مداحوں نے تو خود سے یہ نتیجہ بھی اخذ کر لیا کہ حمزہ علی عباسی بھی اپنی اہلیہ کی طرح شوبز انڈسٹری کو بہت جلد خیرباد کہنے والے ہیں۔


ٹوئٹر پر فریال احسان نامی صارف نے لکھا کہ ’شاید میڈیا چھوڑ رہے ہیں‘۔

ایک اور صارف احمد بیگ نے حمزہ علی عباسی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللّٰہ آپ کو خوش رکھے اور کامیابی آپ کے قدم چومے‘

جبکہ چند صارفین نے تشویش کا اظہار کیا کہ حمزہ علی عباسی اب شوبر کی دنیا چھوڑ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں اداکار حمزہ علی عباسی اور ادکارہ نیمل خاور شادی کے بندھن میں بندھے اور ان کی شادی کے سوشل میڈیا پر بہت زیادہ چرچے بھی ہوئے۔

حمزہ عباسی کی اہلیہ نیمل خاور نے شادی سے قبل ہی اپنی انسٹاگرام کی ایک پوسٹ پر شوبز سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر ان کے مداحوں کا کہنا تھا کہ اداکارہ نے شوبز چھوڑنے کا فیصلہ حمزہ علی عباسی سے شادی کی وجہ سے کیا تھا، کیونکہ حمزہ علی عباسی مذہب کے حوالے سے سوشل میڈیا اور ٹیلی ویژن پر سرگرم دکھائی دیتے ہیں۔

حمزہ علی عباسی نے اپنے کیرئیر کا آغاز تھیٹر سے کیا تھا جس کے بعد وہ متعدد ڈرامہ سیریل اور فلموں میں بھی کام کر چکے ہیں۔

ان کے مقبول ترین ڈراموں میں پیارے افضل، من مائل جب کہ ان کی فلم جوانی پھر نہیں آنی کو بے حد مقبولیت حاصل ہوئی۔

اداکار حال ہی میں جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر کیے جانے والے ڈرامہ سیریل ’الف‘ میں بھی مرکزی کردار کی حیثیت سے نظر آ رہے ہیں اور اس ڈرامے میں حمزہ علی عباسی کے کردار قلب مومن کے خوب چرچے ہو رہے ہیں جب کہ ان کے مداحوں کو بھی ان کا یہ کردار بے حد پسند آ رہا ہے۔

x

Check Also

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

آسکر اکیڈمی ایوارڈ یافتہ، پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے نے ایک اور عزاز حاصل کر ...

%d bloggers like this: