اللّٰہ سے تعلق کی وجہ سے زندگی میں مثبت تبدیلیاں آئیں: اداکارہ یشمہ گِل

پاکستان انڈسٹری کی نئی ابھرتی ہوئی اداکارہ یشمہ گِل کا کہنا ہے کہ زندگی میں اچانک جو کچھ اچھی چیزیں ہوئیں وہ صرف اللّٰہ تعالیٰ سے تعلق کی وجہ سے ہوئیں۔

شوبز کی دنیا میں چند سال پہلے قدم رکھنے والی اداکارہ یشمہ گِل نے حال ہی میں ثمینہ پیرزادہ کے ڈیجیٹل شو میں اپنی زندگی کی کہانی سنائی اور بتایا کہ کس طرح سے وہ لادینیت سے مذہب کی طرف مائل ہوئیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ پہلے ان کا ایمان بے حد کمزور تھا اور وہ مذہب کے حوالے سے سب سے بحث کرتی تھی، پھر وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے اللّٰہ کی موجودگی پر یقین کرنا شروع کیا، ان کا کہنا تھا کہ اب میں دین اسلام پر عمل کرنے کی کوشش کرنے والوں میں سے ایک ہوں۔

یشمہ گِل نے اپنی زندگی کی داستان سناتے ہوئے بتایا کہ کم عمری میں ڈپریشن کا شکار ہو گئی تھی اور ہر چیز کو اپنے نظریے سے دیکھتی تھی، سوچتی تھی کہ اگر اللّٰہ واقعی ہے تو میری تمام تر پریشانیاں کیوں حل نہیں ہوتیں؟

انہوں نے بتایا کہ مذہب کی طرف راغب کرنے میں ان کی دوست وردا کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔


انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ جب میں اپنی پڑھائی مکمل کرنے کے لیے آسٹریلیا گئی تو وہاں میری ایک ایسی لڑکی سے ملاقات ہوئی جس کا نام وردا تھا اور وہ حجاب کرتی تھی، اسے دیکھنے کے بعد ہی میرے ذہن میں فوراً یہ خیال آیا کہ میں کبھی بھی اس کی دوست نہیں بن سکتی کیوں ہماری سوچ بہت مختلف ہے مگر جب میں نے اس کے ساتھ کچھ وقت گزارا تو وہ ایک اچھی انسان ثابت ہوئی اور پھر ہماری دوستی ہو گئی۔

ثمینہ پیرزادہ کے شو میں اداکارہ یشمہ گِل نے بتایا کہ میری دوست وردا نے مجھ سے کہا کہ رمضان آنے والے ہیں تو تم نے پورے مہینے روزے رکھنے ہیں اور 5 وقت کی نماز ادا کرنی ہے ایسا کرنے کے بعد تمہیں اپنے اندر خود ہی فرق محسوس ہوگا۔


اداکارہ نے بتایا کہ وردا کو غلط ثابت کرنے کے لیے میں نے اس کی باتوں پر عمل کرنا شروع کیا تو ابتداء میں مجھے اپنے اندر کوئی فرق محسوس نہیں ہوا لیکن جیسے جیسے رمضان کا مہینہ آگے بڑھتا گیا میری زندگی میں کافی مثبت تبدیلیاں رونما ہونا شروع ہوگئیں، میرے اپنے گھر والوں کے ساتھ تعلقات بہتر ہو گئے اور مجھے آسٹریلیا میں نوکری بھی مل گئی۔


جیسے ہی رمضان کا مہینہ ختم ہوا تو میں نے نماز چھوڑ دی جس کی وجہ سے مجھے واپس ڈپریشن شروع ہو گیا جس کے بعد مجھے یہ احساس ہوا کہ یہ تمام تر اچھی چیزیں جو اچانک میری زندگی میں ہوئیں، یہ صرف اللّٰہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق کی وجہ سے ہوئیں، اور اس طرح میری زندگی لادینیت سے اسلام کی جانب بڑھی۔

واضح رہے کے اداکارہ یشمہ گِل نے اپنے کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا لیکن فنی کیرئیر کے آغاز میں ہی انہیں اپنی پڑھائی مکمل کرنے کے لیے آسٹریلیا جانا پڑا، وہاں سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے دوبارہ پاکستان آکر شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا اور اداکارہ حال ہی میں ڈرامہ ’الف‘ میں بھی معاون اداکارہ کی حیثیت سے دکھائی دے رہی ہیں۔

x

Check Also

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا

آسکر اکیڈمی ایوارڈ یافتہ، پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے نے ایک اور عزاز حاصل کر ...

%d bloggers like this: