دنیائے کرکٹ سے پاکستان کیلئے ڈو مور کا مطالبہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے دنیائے کرکٹ سے پاکستان کیلئے ڈو مور کا مطالبہ کردیا۔

کراچی میں پاک – سری لنکا ون ڈے سیریز سے قبل پریس کانفرنس میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان ہو یا کوئی اور ملک، اب کہیں بھی کچھ بھی ہوسکتا ہے، ہمیں کرکٹ کو جاری رکھنا چاہیے، دنیا کو چاہیے کہ اب وہ پاکستان آکر کرکٹ کھیلے، اب یہاں کے فینز کو زیادہ ایکشن سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اچھا ہوتا اگر سری لنکا کی فل اسٹرینتھ ٹیم یہاں ہوتی لیکن جو ٹیم آئی ہے وہ بھی بہتر ہے اور پاکستان ٹیم کو سرپرائز کرسکتی ہے، بطور پروفیشنل کرکٹرز وہ یہ نہیں سوچتے کہ کون سا کھلاڑی ہے اور کون سا نہیں، سری لنکا کی ٹیم ویسے ہی نوجوان پلییئرز پر مشتمل ہے۔

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر کے مطابق سری لنکا سے سیریز نوجوان کرکٹرز کیلئے بھی کافی اہم موقع ہے، کھلاڑی بھی سیریز میں اپنا سو فیصد دیں گے، پاکستان سیریز میں بھرپور کرکٹ کھیلے گا اور امید ہے کہ فینز کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ یہ سب کیلئے اہم لمحہ ہے کیوں کہ پاکستان کافی عرصہ بعد ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے انٹرنیشنل کھیل رہا ہے۔

امید ہے سرفراز سیریز میں اچھا پرفارم کرے گا، مصباح

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے متعلق ہیڈ کوچ نے کہا کہ سرفراز احمد نے بہت محنت کی ہے، اس کی کپتانی کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ وہ خود بھی پرفارم کرے، میری تمام سپورٹ سرفراز احمد کے ساتھ ہے اور امید ہے کہ وہ سیریز میں اچھا پرفارم کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی سرفراز کی حمایت کی اور آج بھی ان کی سپورٹ کرتے ہیں، ماضی میں سرفراز نے بطور کپتان کافی اچھے نتائج دییے ہیں جن میں چیمپئنز ٹرافی کی جیت اور ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ایک ہونا شامل ہے، چیزیں اوپر نیچے ہوجاتی ہیں جو جلد بہتر ہوجائیں گی۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ وہ اس بات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ پلیئرز اپنا نیچرل گیم کھیلیں، جارح مزاج بیٹسمین اگر ٹک ٹک کرنے لگے گا تو نہیں کھیل پائے گا، ضرورت اس بات کی ہے کہ ٹیسٹ کیلئے ایک مضبوط ٹیم تیار کی جائے، اور یہی ان کا فوکس ہے۔

مصباح کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں آنے کیلئے صرف پرفارمنس ہی کافی نہیں، پلیئرز کو معیار کے مختلف باکسز پر ٹک مارک کرنا ضروری ہے جس کے بعد وہ انٹرنیشنل معیار پر پورا اترتاہے، ڈومیسٹک کرکٹ کا معیار بہتر ہونے سے امید ہے کہ کرکٹ بھی بہتر ہوگی۔

فاسٹ بولرز کا ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنا اچھی بات نہیں، چیف سلیکٹر

مصباح الحق نے کہا آسٹریلیا میں ہمیشہ بیٹنگ کی وجہ سے پریشانی رہتی تھی لیکن پچھلے دورے میں بیٹنگ سے زیادہ پریشان بولنگ نے کیا تھا، آسٹریلیا میں کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ حریف کی 20 وکٹیں حاصل کی جائیں۔

ایک سوال پر چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولرز کا ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنا اچھی بات نہیں کیوں کہ ٹیسٹ کی کارکردگی کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے لیکن اب یہ ایک کھلاڑی ہی بہتر بتاسکتا ہے کہ اس کا جسم کتنا ورک لوڈ برداشت کرسکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مصباح الحق نے کہا کہ مکی آرتھر اور انضمام الحق کی مینجمنٹ نے اچھے کام بھی کیے، بابر اعظم جیسے ورلڈ کلاس کھلاڑی کا آنا، شاہین آفریدی اور شاداب جیسے بولرز ملنا ، اس کا سابق مینجمنٹ کو کریڈیٹ جاتا ہے، جو ان کے اچھے کام ہوئے، ہم ان کو آگے بڑھائیں گے۔

یاد رہے کہ مصباح الحق کے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ بننے کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلی سیریز ہے جس کیلئے انہوں نے ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ 

x

Check Also

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

شاہین آفریدی کی اہلیہ انشا کی رخصتی کے جوڑے کی قیمت کیا تھی؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی  انشا آفریدی گزشتہ روز  پیا ...

%d bloggers like this: