dunya today

مزدور پر تشدد:شاہ سلمان کی بیٹی کو 10ماہ قید

فرانسیسی عدالت نے مزدور کو پٹوانے اور پاؤں چومنے پر مجبور کرنے والی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی بہن شہزادی حصہ بنت سلمان کو 10 ماہ قید کی معطل سزا سنادی۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شہزادی حصہ بنت سلمان پر یہ مقدمہ رواں برس جولائی سے چل رہا تھا جبکہ یہ واقعہ 2016 میں پیش آیا۔

سعودی شاہ سلمان کی بیٹی اور محمد بن سلمان کی بہن پر یہ الزام تھا کہ انہوں نے اپنے باڈی گارڈ رانی سعیدی کو پلمبر اشرف عید کو پیٹنے کے احکامات دیے۔

شہزادی حصہ پر ان کی غیر موجودگی میں مقدمہ چلایا گیا، 10 ماہ قید کی معطل سزا کے ساتھ ان پر 11 ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

45 سالہ شہزادی ٹرائل کے دوران کبھی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں اور انہیں کی غیر موجودگی میں سزا سنائی گئی۔

استغاثہ نے چھ ماہ قید اور 5 ہزار 480 ڈالر جرمانے کی درخواست کی تھی تاہم عدالت نے مزید سخت سزا سنائی۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ 2016 میں اس وقت پیش آیا جب شہزادی حصہ سیر و تفریح کیلئے پیرس میں ارب پتی شخصیات کے پسندیدہ مقام فوش ایوینیو پر واقع لگژری اپارٹمنٹ میں موجود تھیں۔

شہزادی حصہ بنت سلمان کا باڈی گارڈ رانی سعیدی عدالتی فیصلہ سننے کے بعد باہر نکل رہا ہے


اس اپارٹمنٹ کی ساتویں منزل پر اشرف عید نامی پلمبر کام کررہا تھا، اچانک اسے پانچویں منزل پر واش بیسن ٹھیک کرنے کیلئے بلایا گیا۔

اشرف نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ جب وہ بیسن ٹھیک کرنے پہنچا تو اس نے واش روم کی کچھ تصاویر لیں جوکہ اس کے کام کا حصہ تھا تاہم شہزادی نے اسے تصویریں لیتے ہوئے دیکھ لیا اور طیش میں آگئیں۔

اشرف نے مزید بتایا کہ شہزادی نے اپنے باڈی گارڈ کو بلایا جس نے اس پر تشدد کیا۔

پلمبر کا دعویٰ ہے کہ اسے کئی گھنٹوں تک یرغمال بناکر رکھا گیا اور اس دوران اس کا فون بھی توڑ دیا گیا جبکہ ایک موقع پر شہزادی نے باڈی گارڈ سے کہا کہ اس کے سر پر بندوق تانو اور دو آپشنز دو، یا تو وہ میرے پاؤں چومے یا پھر مزید مار کھانے کیلئے تیار رہے۔

اشرف نے دعویٰ کیا کہ شہزادی اپنے باڈی گارڈ سے کہہ رہی تھیں کہ ‘جان سے مادو اس کتے کو، اسے زندہ رہنے کا کوئی حق نہیں’۔

اشرف کے مطابق جب اسے رہا کردیا گیا تو پولیس نے دو گھنٹوں تک شہزادی سے پوچھ گچھ کی اور پھر انہیں جانے دیا، تین دن بعد شہزادی ملک چھوڑ کر چلی گئیں۔

عدالت نے باڈی گارڈ رانی سعیدی کو 8 ماہ قید کی معطل سزا اور 5 ہزار یورو جرمانہ عائد کیا ہے۔ رانی سعیدی نے عدالت میں کارروائی کا سامنا کیا تاہم اسے قید نہیں کیا جائے گا کیوں کہ معطل سزا کی حیثیت علامتی ہوتی ہے۔

تحقیقاتی جج نے شہزادی سے رابطے کی متعدد کوششیں کیں تاہم ناکامی پر انہوں نے 2017 میں ان کے انٹرنیشنل وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے۔

x

Check Also

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا ...

%d bloggers like this: