برطانیہ کے شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن نے برطانیہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔
پرنس ہیری اپنے والد پرنس چارلس کے خوابوں کو توڑتے ہوئے امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں بسیرا بسانے کے خواب سجا چکے ہیں۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسکس کے دوستوں کو خطرہ ہے کہ شاہی جوڑے نے برطانیہ چھوڑنے کے منصوبے پر عمل تیز کر دیا ہے۔ پرنس چارلس نے جوڑے کے لیے ہیرڈفورڈ شائر کا انتخاب کیا تھا اور وہاں پوری اسٹیٹ ان کے لیے رکھ چھوڑی ہے۔
والش بارڈر کے قریب اراضی پرنس ہیری کے بچپن میں ہی ان کے لیے مختص کر دی گئی تھی تاکہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ وہاں اپنی مرضی کی زندگی گزاریں۔
لیکن شاہی خاندان کے دوسرے چشم و چراغ نے ابھی تک اپنے والد کے خوابوں کو سچ کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی اور ان کے قریبی دوستوں کو خدشہ ہے کہ شاہی جوڑا امریکہ میں بسنے کے خواب آنکھوں میں سجائے ہوئے ہے اور وہاں پر لاس اینجلس ہارٹ فیورٹ ہے۔
میگھن مارکل امریکہ میں پیدا ہوئی تھیں اور ان کا بچپن لاس اینجلس میں گزرا ہے، میگھن کا بے بی شاور بھی نیویارک میں ہوا تھا۔
ڈچز آف سسکس کا لاس اینجلس میں سابق گھر جہاں وہ اپنے سابق شوہر ٹریور اینجلسن کے ساتھ رہتی تھیں برائے فروخت ہے اور اس کی قیمت اٹھارہ لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے۔ وہ اس گھر میں دو ہزار گیاہ سے دو ہزار تیرہ تک رہی ہیں۔ یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ امریکہ کے اسی گھر میں شفٹ ہو جائیں گی۔
اخبار کے مطابق 1980 میں پرنس ہیری کے بچپن میں ہی ان کے والد نے یہ سوچا تھا کہ بیٹا بڑا ہوگا اور اس کا خاندان ہوگا تو وہ ہرڈفورڈشائر میں اسٹیٹ بنائے گا۔ پرنس چارلس کے قریبی دوستوں کے مطابق اس وقت یہ سوچا گیا تھا کہ پرنس ہیری کسی مقامی نرسری ٹیچر سے شادی کرے گا جو اسٹیٹ چلانے سے زیادہ کسی چیز میں دلچسپی نہیں رکھے گی لیکن 2019 میں یہ خواب غیرحقیقی اور اولڈ فیشنڈ محسوس ہوتا ہے۔
اب وقت بدل چکا ہے اور شاہی زندگی خاص طور پر سسکس والوں کے لیے اکثر و بیشتر زومعنی انسٹاگرام پوسٹوں، پرائیویٹ جیٹ میں سیر سپاٹوں اور پیرس میں پاپ اسٹارز کے ساتھ ویک اینڈ گزارنے پر مشتمل ہے۔
شاہی جوڑے نے حال ہی جنوبی فرانس میں سر ایلٹن جان کی ڈیڑھ کروڑ پاؤنڈ کی پراپرٹی میں تین دن کی چھٹیاں گزاریں۔ برطانیہ میں اس پر بھی شدید تنقید ہو رہی ہے کہ پرنس ہیری اور میگھن نے جس پرائیویٹ جیٹ میں سفر کیا اس نے شیڈولڈ فلائٹ سے چھ گنا زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کی۔
چھوٹے شہزادے کا اپنی بیوی کے ساتھ امریکہ سیٹل ہونے کا آئیڈیا نیا نہیں، عرصے سے یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں میاں بیوی لاس اینجلس میں شفٹ ہو جائیں گے۔
ان کے دوستوں کا خیال ہے کہ شاہی جوڑے کے بارے میں میڈیا کی حالیہ خبروں سے اس منصوبے پر عملدرآمد میں تیزی لائی گئی ہے۔ کچھ کا خیال ہے کہ پرنس ہیری اور میگھن خفیہ طور پر لاس اینجلس کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔ میگھن کی والدہ ڈوریا بھی لاس اینجلس میں رہائش پذیر ہیں جن کا اپنی بیوی اور داماد پر گہرا اثر ہے۔ آخرکار لاس اینجلس میں ہائی پروفائل سیلبریٹیز اپنے بزنس ٹورز پر جاتے رہتے ہیں اور پرائیویٹ جیٹ کا استعمال بھی کوئی بڑی بات نہیں۔
میگھن کے دوستوں کا کہنا ہے کہ شاہی جوڑا میڈیا سے ناراض ہے اور وہ اپنی عادتوں کے بجائے اپنے اردگرد کے لوگ بدلنے کے لیے تیار ہوچکا ہے۔ اس میں پرنس ہیری کا ملک برطانیہ بھی شامل ہے۔
میگھن کی والدہ ڈوریا بھی اپنی بیٹی اور داماد کو لاس اینجلس میں بسانے کی خواہش مند ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے نواسے آرچی کے لیے بہترین بندوبست کریں گی۔ امریکہ میں میگھن اور ہیری نارمل زندگی گزاریں گے۔