غزہ: 2 خود کش حملوں میں 3 پولیس اہلکار جاں بحق

حماس نے کہا ہے کہ رات گئے ہونے والے 2 خود کش حملوں کے نتیجےمیں 3 فلسطینی پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے جس کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کے ترجمان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ غزہ شہر میں پولیس کی 2 چیک پوائنٹس پر 2 بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جن کی شناخت کرلی گئی ہے۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نے حملہ آوروں کی شناخت نہیں بتائی البتہ کہا کہ ’اس معاملے کے پیچھے کون ہے اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں‘۔

دونوں واقعات کے چشم دید گواہان کے مطابق حملہ آور بائیکس پر سوار تھے۔

تحقیقات سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ حملے کا شبہ غزہ میں داعش سے ہمدردی رکھنے والی سلفی تحریک پر ظاہر کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب حکام نے معاملے کے تحقیقات کے ساتھ ساتھ غزہ شہر میں نئی پولیس چیک پوائنٹس قائم کردی ہیں۔

حماس کے رہنما اسمٰعیل ہانیہ نے محصور علاقے کی 20 لاکھ آبادی میں بدامنی کے خوف کو پرسکون رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اپنے لوگوں کو یقین دلاتے ہیں کہ یہ جیسے بھی دھماکے ہیں، ہم پہلے کی طرح صورتحال کو قابو میں کرلیں گے اور یہ ہمارے عوام کی ثابت قدمی اور استحکام کو متزلزل نہیں کرسکتے‘۔

یاد رہے کہ اگست 2017 میں غزہ کے جنوبی علاقے میں مصر کی سرحد سے قریب ایک خود کش حملہ آور نے حماس کے محافظ کو قتل کردیا تھا۔

حماس غزہ کے محصور علاقے میں 2007 سے حکمرانی کررہی ہے جسے بنیاد پرست سلفی گروہوں کی جانب سے اسرائیلی محاصرے اور غربت پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ حالیہ دھماکوں کے وقت انہوں نے کوئی فضائی حملہ نہیں کیا۔

خیال رہے کہ اسرائیل اور حماس 2008 سے اب تک 3 جنگیں لڑ چکے ہیں جبکہ اسرائیل میں 17 ستمبر کو ہونے والے انتخابات کے پیشِ نظر خاصی کشیدگی پائی جارہی ہے۔

قبل ازیں غزہ کی پٹی سے عسکریت پسندوں کی جانب سے گولہ پھینکنے کے بعد منگل کے روز اسرائیل کی فوج نے حماس کی فوجی چوکی پر بمباری کی تھی۔

اس سے قبل پیر کے روز راکٹ فائر کیے جانے کے جواب میں بھی اسرائیل نے حماس کے خلاف حملہ کیا جبکہ محصور علاقے میں ایندھن کی فراہمی بھی منقطع کردی۔

x

Check Also

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا ...

%d bloggers like this: