ایموجی پڑوسیوں سے انتقام کا ہتھیار

جنوبی کیلیفورنیا کے ساحلی علاقے ’’مین ہٹن بیچ‘‘ کی رہائشی خاتون کیتھرائن کڈ نے کچھ ماہ پہلے اپنا مکان صرف چار دنوں کےلیے کرائے پر دیا جس پر ان کے پڑوسیوں نے مقامی میونسپل کونسل میں شکایت کردی کیونکہ مین ہٹ بیچ کے علاقے میں صرف چند دن کےلیے مکان کرائے پر دینا غیر قانونی ہے۔ کیتھرائن کو اس قانون کے بارے میں معلوم نہیں تھا۔

مین ہٹن بیچ کی میونسپل کونسل نے اس شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے کیتھرائن پر 4000 ڈالر جرمانہ کردیا، جو انہوں نے فی الفور ادا کرتے ہوئے اپنے پڑوسیوں سے معذرت کرلی اور کہا کہ آئندہ وہ اپنا مکان صرف طویل مدتی بنیادوں پر ہی کرائے پر دیں گی… لیکن بات یہیں پر ختم نہیں ہوئی۔

اب کیتھرائن کے پڑوسی ایک بار پھر ان کی شکایت لے کر میونسپل کونسل میں پہنچ گئے ہیں لیکن اب کی بار معاملہ تھوڑا مختلف ہے۔
اس مرتبہ انہیں شکایت ہے کہ کیتھرائن نے اپنے پڑوسیوں سے انتقام لینے کےلیے اپنے گھر کی دیواروں پر گلابی رنگ کروا کر دو بڑے بڑے ایموجیز بنوا دیئے ہیں جن میں سے ایک اظہارِ رائے پر پابندی کو ظاہر کرتا ہے جبکہ دوسرا ایموجی زبان چڑا رہا ہے۔

کیتھرائن کے پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ وہ جب بھی اس گھر کی طرف دیکھتے ہیں تو یہ ایموجیز انہیں اپنا مذاق اُڑاتے محسوس ہوتے ہیں۔ ایک خاتون نے ان ایموجیز کو غیر شائستہ اور ’’اذیت ناک‘‘ بھی قرار دیا۔ اس کے جواب میں کیتھرائن کا اصرار ہے کہ گھر کی بیرونی دیواریں گلابی کروانے اور ان پر ایموجیز بنوانے کا مقصد یہاں آنے والے سیاحوں کو سمندر سے ہٹ کر ایک منفرد اور خوبصورت نظارہ فراہم کرنا ہے۔

مین ہٹن بیچ میونسپل کونسل نے یہ کہتے ہوئے اس شکایت کو رد کردیا ہے کہ کوئی بھی شہری اپنے خیالات کا اظہار کرنے کےلیے تخلیقی طریقہ اختیار کرنے میں مکمل آزاد ہے اور ان ایموجیز میں ایسا کچھ بھی نہیں جسے دل آزاری پر مبنی قرار دیا جاسکے۔

اگرچہ یہاں آنے والے سیاحوں کی اکثریت نے گلابی رنگ والی دیواروں اور ان پر بنے ایموجیز کو سراہتے ہوئے ان کی تصویروں کو سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا ہے لیکن مین ہٹن بیچ میونسپل کونسل کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور ان ایموجیز کو یہاں سے ہٹوا کر ہی دم لیں گے۔ تاہم اب تک وہ اپنی ان کوششوں میں ناکام ہیں۔

x

Check Also

رینج روور، بینٹلے میں ڈرائیونگ سیکھیں، لگژری ڈرائیونگ سکول کھل گیا

ڈرائیونگ سکول میں جاتے ہی جو کار آپ کو دی جاتی ہے، اس کو دیکھتے ...

%d bloggers like this: