ہوائی سفر کے دوران نیند پوری کرنا کیسا تجربہ رہتا ہے؟ یہ سوال اگر ائیر کینیڈا سے سفر کرنے والی ایک خاتون سے پوچھا جائے تو ان کا جواب بہت ہی مختلف آئے گا۔
9 جون 2019 کو ٹفانی ایڈمز نامی خاتون ائیر کینیڈا کی کیوبیک سے ٹورنٹو آنے والی فلائٹ پر موجود تھیں، سفر کے دوران ان کی آنکھ لگ گئی لیکن جب آنکھ کھلی تو انہوں نے خود کو ایک سرد اور تاریک جگہ پر پایا۔
ٹفانی کا سیٹ بیلٹ اس وقت بھی بند تھا اور انہیں محسوس ہوا کہ جہاز کہیں ساکت کھڑا ہوا ہے۔
فیس بک پر اپنے تجربے کو بیان کرتے ہوئے ٹفانی نے بتایا کہ یہ واقعہ پیش آنے کے بعد سے اب تک ڈراونے خواب ان کا پیچھا نہیں چھوڑ رہے۔
واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہ تقریباً آدھی رات کے وقت طیارے کے زمین پر اترنے کے کچھ گھنٹوں کے بعد میری آنکھ کھلی، میرے چاروں طرف ٹھنڈ اور گہری تاریکی تھی، صورت حال کا اندازہ ہوتے ہی انہوں نے اپنی دوست کو کال کی تاکہ وہ بتاسکیں کہ وہ کہاں پر ہیں لیکن بد قسمتی سے ایک منٹ میں ہی بات کرتے ہوئے ان کا موبائل بیٹری ختم ہونے کی وجہ سے بند ہوگیا۔
خاتون نے بتایا کہ جہاز پر وہ اپنا موبائل فون بھی چارج کرنے سے قاصر تھیں، ان کی دوست نے رابطہ منقطع ہوتے ہی ٹورنٹو پیئرسن ائیر پورٹ پر کال کرکے ان کی مشکل کے بارے میں آگاہ کیا، اسی دوران ٹفنی نے کاک پٹ سے ایک ٹارچ ڈھونڈ نکالی اور ٹارچ کی مدد سے لگیج کارٹ آپریٹر کو اپنی طرف متوجہ کرلیا۔
ٹفنی کے مطابق وہ شخص انہیں دیکھ کر شدید حیرت زدہ ہو گیا تھا، ائیر کینیڈا کے عملے کی جانب سے انہیں گاڑی اور ہوٹل کی پیشکش کی گئی تھی جسے انہوں نے رد کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد سے جلد گھر واپس جانا چاہتی تھیں، اس واقعے کے بعد ائیر کینیڈا کی جانب سے معذرت اور تحقیقات کے لیے ان سے دو دفعہ رابطہ کیا گیا، ائیر کینیڈا کی جانب سے بھی اس حادثے کی تصدیق کی جاچکی ہے۔
ائیر لائن نے اس کی تحقیقات کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔