سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثے میں عمرہ پر جانے والے تین پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں عمرہ پر جانے والے ایک ہی خاندان کے 3 پاکستانی معتمرین جاں بحق اور ڈرائیور سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جاتے ہوئے وادی پروا کے قریب پاکستانی زائرین کی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی۔
حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت ہوگئی ہے جن کا تعلق اوکاڑہ کے علاقے فرید آباد گلزار پارک سے ہے۔
حادثے میں جاوید، ان کی اہلیہ رضیہ اور بیٹا علی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دوسرا بیٹا اسد اور ڈرائیور شدید زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اہل خانہ نے وزیراعظم عمران خان سے جاں بحق افراد کے جسد خاکی وطن واپس لانے کے لیے مدد کی اپیل کی ہے۔
جاں بحق ہونے والے عمرہ زائرین کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ہمارا سعودی عرب میں کسی سے رابطہ نہیں ہورہا ہے حکومت پاکستان ہماری مدد کرے۔