امریکا خطے میں خطرناک کھیل کھیل رہا ہے، ایران

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ امریکا بہت خطرناک کھیل کھیل رہا ہے، ایران امریکا سے بات چیت نہیں کرے گا، ایران سے بات چیت کا راستہ عزت و احترام ہے۔

امریکی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکا خطے میں اپنی فوجی طاقت بڑھا کر بے حد خطرناک کھیل کھیل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے عالمی جوہری معاہدے پر اچھی نیت سےعمل کیا، ہم ایسے لوگوں سے بات کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے جنہوں نے اپنے وعدے توڑے ہوں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران دباؤ ڈالنے یا دھمکیاں دینے سے کبھی بات چیت نہیں کرے گا، ایران تناؤ نہیں چاہتا لیکن ایسا ہوا تو اس کے بہت سنگین نتائج ہوں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکا ایران پر مسلط کردہ معاشی جنگ کو فوری ختم کرے۔

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کیوں بڑھ رہی ہے؟
رواں ماہ کے آغاز میں امریکا نے ایرانی تیل کی درآمدات پر دی گئی چھوٹ ختم کردی اور خبردار کیا کہ اب جو بھی ملک ایران سے تیل خریدے گا اسے امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایران نے امریکا کے اس اقدام کی مذمت کی اور اسے معاشی دہشت گردی قرار دیا۔ ساتھ ہی ایران نے 2015 میں ہونے والے عالمی جوہری معاہدے کے اہم حصے سے دستبردار ہونے کا بھی اعلان کردیا جس سے امریکا گزشتہ برس ہی پیچھے ہٹ چکا ہے۔

بعد ازاں امریکا نے اپنا بحری بیڑہ اور بی 52 بمبار طیارے خلیج فارس کی جانب روانہ کردیے جس نے ایران کو مزید مشتعل کردیا اور تہران نے بیان دیا کہ خلیج فارس میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا ذمہ دار امریکا ہوگا۔

ایران نے امریکی صف بندی کو نفسیاتی جنگی حربہ قرار دیا جس کا مقصد ان کے ملک کو دھمکانا ہے۔

اس حوالے سے پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکا ایران کے ساتھ تصادم نہیں چاہتا لیکن واشنگٹن خطے کے مفاد اور امریکی فوج کے دفاع کے لیے تیار ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ محکمہ دفاع خطے میں ایران کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

x

Check Also

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا ...

%d bloggers like this: