چہرے پر بھول بھلیوں اور بصری دھوکے کاڑھنے کا رحجان دنیا بھر میں جاری ہے لیکن جنوبی کوریا کی ماہر میک اپ ڈین یون اب چہرے پر اتنا حیران کن میک اپ کرتی ہیں کہ لوگ اسے ناممکن قرار دیتے ہیں۔
25 سالہ میک اپ آرٹسٹ معمے اور بصری دھوکے والا ایسا میک اپ کرتی ہیں جسے دیکھ کر لوگ ششدر رہ جاتے ہیں۔ وہ میک اپ برش سے اپنے چہرے پر دیواریں اور پارک بھی نقش کرتی ہیں اور ان کی ہر تخلیق پر لوگ ہزاروں لاکھوں لائکس کرتے ہیں اور سینکڑوں تبصرہ کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ دیگر لوگوں پر بھی اپنے فن کی طبع آزمائی کرتی ہیں۔
ڈین یون میک اپ کے لیے واٹر کلر اور دیگر پینٹ بھی استعمال کرتی ہیں اور انسانوں کو اپنا کینوس بناتی ہیں۔ اسی بنا پر انہیں بصرے دھوکے کی میک اپ آرٹسٹ کا خطاب دیا گیا ہے۔ ان کے فن سے دنیا بھر میں لوگ ان کے مداح بن چکے ہیں اور صرف انسٹا گرام پر ان کے مداحوں کی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے