امریکا نے اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ کو دہشتگردوں سے متعلق ایک اور اہم فہرست میں شامل کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے حمزہ بن لادن کو اپنی (Seeking More Information List (SMIL میں شامل کرلیا ہے۔ اس فہرست میں ایف بی آئی ان مشتبہ دہشتگردوں کو ڈالتی ہے جن کے حوالے سے اسے مزید معلومات درکار ہوتی ہے۔
ایف بی آئی دنیا بھر کے لوگوں سے یہ اپیل کرتی ہے کہ اس فہرست میں شامل افراد کے حوالے سے اگر ان کے پاس کوئی بھی معلومات ہوں تو وہ انہیں فراہم کریں تاکہ مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو رونما ہونے سے روکا جاسکے۔
حمزہ بن لادن القاعدہ سے تعلق اور کھلے عام امریکا کو دھمکیاں دینے کی وجہ سے ایف بی آئی کو مطلوب ہیں اور کوئی حتمی طور پر یہ نہیں کہہ سکتا کہ اس وقت وہ کہاں ہیں۔
رواں برس مارچ میں امریکی محکمہ خارجہ نے حمزہ بن لادن کی موجودگی کا پتا بتانے والے شخص کیلئے 10 لاکھ ڈالر انعام کا بھی اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل 2017 میں امریکا حمزہ بن لادن کو دہشتگرد بھی قرار دے چکا ہے۔