عمان: اردن کے عارف عطیہ الجدایہ نے 103 سال کی عمر میں شادی کر کے معمر ترین دولہا ہونے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اردن کے شمالی علاقے صما میں 103 سالہ بزرگ نے 49 سالہ خاتون سے شادی کر کے معمر ترین دلہا ہونے کا ریکارڈ بنا ڈالا۔ عارف الجدایہ کی اہلیہ ام ابراہیم کا گزشتہ برس ہی انتقال ہوا تھا جس کے بعد بیٹوں نے باپ کو اپنے گھر لے جانے پر اصرار کیا تاہم بزرگ شہری نے اپنے ہی گھر میں رہنے کو ترجیح دی۔
اپنی تنہائی کو مٹانے کے لیے عارف الجدایہ نے دوسری شادی کا فیصلہ کیا اور خوش قسمتی سے انہیں اپنے ہی قصبے میں ایک مناسب رشتہ مل گیا۔ 49 خاتون نے بھی شادی کے لیے ہامی بھر لی جس کے بعد بزرگ نے اپنے بیٹوں کو فیصلے سے آگاہ کیا۔
دنیا کے معمر ترین دلہا کی شادی تقریب نہایت سادگی سے ہوئی جس میں دلہا اور دلہن کے گھر والوں نے بھی شرکت کی، دلہا کا کہنا تھا کہ پہلی اہلیہ کے انتقال کے بعد بچوں پر بوجھ نہیں بننا چاہتا تھا۔ اس موقع پر اہل علاقہ نے بھی دلہا اور دلہن کو مبارکباد پیش کی۔