کمپیوٹر سی پی یو پر کھانا پکا کر مشہور ہونے والا جاپانی یوٹیوبر

ٹوکیو: یوٹیوب پر ویڈیوز بنانے والے یعنی ’’یوٹیوبرز‘‘ اپنے آن لائن چینلز کو مقبول بنانے اور مشہور ہونے کے لیے طرح طرح کے جتن کرتے ہیں۔ خیر سے پاکستانی یوٹیوبرز تو ’’سبسکرائب کریں‘‘ کی رٹ لگائے رکھتے ہیں یا پھر اپنی ویڈیوز ’’وائرل‘‘ کرانے کے لیے گالیاں دینے سے بھی گریز نہیں کرتے لیکن جاپانی یوٹیوبر نے ایک الگ ہی راہ نکالی: اس نے اپنے کمپیوٹر کے گرم سی پی یو پر کھانا پکانے کی ویڈیوز بنانا شروع کردیں۔

اس چینل کا نام بھی جاپانی میں ہے لیکن گوگل ٹرانسلیٹ سے پتا چلتا ہے کہ یہ ’’سیمورائی چینل‘‘ ہے جبکہ یو آر ایل دیکھنے پر اندازہ ہوتا ہے کہ ’’میری نائٹ میئر‘‘ نامی کسی صارف نے اسے تخلیق کیا ہے۔ ویسے تو اس چینل پر زیادہ تر گاڑیوں، کمپیوٹروں اور ایسی ہی دوسری چیزوں کے بارے میں معلوماتی ویڈیوز (جاپانی زبان میں) شیئر کرائی جاتی ہیں لیکن جب بھی وہ سی پی یو پر کھانا پکانے کی کوئی ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہیں، وہ سب سے زیادہ دیکھی جاتی ہے۔

ان کے چینل پر دیکھا جاسکتا ہے کہ کسی ویڈیو میں وہ سی پی یو پر انڈا تل رہے ہیں تو کسی میں وہ گوشت گلانے میں مصروف ہیں۔ غرض سی پی یو کو چولہے کے طور پر استعمال کرنے کا خیال واقعتاً منفرد اور قابلِ توجہ بھی ہے۔

قارئین کو بتاتے چلیں کہ ’’سینٹرل پروسیسنگ یونٹ‘‘ (سی پی یو) کو کمپیوٹر کا دماغ کہا جاتا ہے جس کا اہم ترین حصہ مائیکروپ روسیسر ہوتا ہے۔ کام کرتے دوران مائیکرو پروسیسر بہت گرم ہوجاتا ہے اور اس کی گرمی نکال باہر کرنے کے لیے اس پر ’’ہیٹ سنک‘‘ نامی ایک پرزہ لگایا جاتا ہے۔

یہ پرزہ ایک طرف سے مائیکرو پروسیسر کی گرمی جذب کرتا ہے اور اسے باہر خارج کردیتا ہے۔ اسی گرمی سے یہ یوٹیوبر کھانا پکانے کا کام لیتے ہیں اور اپنی ویڈیوز کے ویوز بڑھاتے ہیں۔

x

Check Also

رینج روور، بینٹلے میں ڈرائیونگ سیکھیں، لگژری ڈرائیونگ سکول کھل گیا

ڈرائیونگ سکول میں جاتے ہی جو کار آپ کو دی جاتی ہے، اس کو دیکھتے ...

%d bloggers like this: