چین کے باہر کورونا وائرس پھیلتے ہی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

چین سے باہر مزید ممالک میں وائرل پھیلنے کے ساتھ ہی تیل کی قیمت میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے جس کی وجہ عالمی سطح پر طلب میں مزید کمی بتائی جارہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق اس کی وجہ سے ایگزون اور شیورون جیسی بڑی آئل کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اچانک کمی دیکھی گئی جبکہ چھوٹی کمپنیوں کی جانب سے نوکریوں میں کمی کی جارہی ہے۔

چین سے باہر حالیہ دنوں میں وائرس کے سیکڑوں نئے کیسز سامنے آئے ہیں کووڈ-19 بیماری کا سبب بنتے ہیں۔

واضح رہے کہ میکسیکو ، بیلاروس ، لتھوانیا ، نیوزی لینڈ ، نائیجیریا ، آذربائیجان ، آئس لینڈ اور نیدرلینڈ میں پہلے کیسز سامنے آنے کے بعد اس وائرس سے متاثرہ ممالک کی تعداد 60 کے قریب پہنچ گئی ہے۔

دنیا بھر میں 88 ہزار سے زائد افراد اس بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

آئل انڈسٹری کے تجزیہ کاروں کو خوف ہے کہ اس کی وجہ سے زیادہ سفری پابندیاں سامنے آئیں گی جس سے مزید کم تیل کا استعمال ہوسکتا ہے۔

ایس اینڈ پی گلوبل پلیٹس میں ریفائننگ اور زراعت کے سربراہ کلاڈیو گلیمبرٹی نے کہا کہ یہ خدشہ شروع سے ہی تھا کہ یہ وائرس صرف چین میں ہی نہیں رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ چند کیسز میں پورے پورے شہر ہیں اور چند علاقے اس وقت لاک ڈاؤن میں ہیں اور جب آپ لاک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہیں تو لوگ گھر سے کام کرتے ہیں، فیکٹریاں بند ہوجاتی ہیں، لوگ سفر نہیں کرتے ہیں جس سے تیل پر بہت برا اثر پڑتا ہے۔

فروری کے وسط میں تیل کی قیمتوں میں ڈرامائی کمی دیکھی گئی تھی تاہم چین میں وائرس کے نئے کیسز کی تعداد کم ہونے کے بعد وہ واپس بڑھ رہی تھی۔

تاہم گزشتہ ہفتے وائرس کے دنیا بھر میں پھیلنے کی رپورٹس کے بعد قیمتوں میں دوبارہ کمی کے دیکھی جارہی ہے۔

امریکی خام تیل کا بینچ مارک رواں ہفتے کے دوران 16 فیصد گر گیا جو کاروباری ہفتے کے آخری روز 44.76 ڈالر فی بیرل پر آکر رکا۔

دوسری جانب برینٹ کروڈ میں 14 فیصد کی کمی سے جولائی 2017 کے بعد سے اپنی نچلی سطح پر آگیا جو گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز 50.52 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔

دریں اثنا جمعرات کے روز ایگزون موبل کے حصص کی قیمت کم ہوکر 49.82 ڈالر ہوگئی 15 سال کی کم ترین سطح تھی تاہم جمعے کے روز یہ 3 فیصد تک بحال ہوئے۔

شیورون کارپوریشن کے حصص جمعہ کے روز قریب چار سالوں میں اپنی نچلی سطح پر آگئے۔

غیر ملکی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب تیل کی پیداوار میں کمی پر زور دے رہا ہے تاکہ گرتی ہوئی طلب کے مقابلہ میں قیمتوں کو مستحکم کرنے میں مدد ملے۔

اخبار نے ان مذاکرات سے واقف لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب نے یومیہ 10 لاکھ بیرل کٹ بیک کا زیادہ تر حصہ برداشت کرنے کی تجویز پیش کی ہے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ روس اور دیگر بڑے پیداواری ممالک ان میں شامل ہوں۔

اس حوالے سے اوپیک اور اتحادی ممالک کے نمائندے اگلے ہفتے ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

x

Check Also

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا ...

%d bloggers like this: