تھائی لینڈ: فوجی اہلکار کی شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ، 20 افراد ہلاک

تھائی لینڈ: فوجی اہلکار کی شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ، 20 افراد ہلاک

تھائی لینڈ میں ایک فوجی اہلکار نے شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

نوجوان سپاہی جکراپنتھ تھوما نے بدھ مت مذہب کی عبادت گاہ اور شاپنگ مال کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق فوجی اہلکار نے تھائی لینڈ کے شہر ناکھون راتچاسیما میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اب تک 20 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

تھائی لینڈ کی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ جکراپنتھ تھوما فوج میں جونئیر آفیسر ہے اور اس نے ملٹری کیمپ میں پہلے اپنے کمانڈنگ افسر کو قتل کیا اور پھر وہاں سے اسلحہ لے کر فرار ہوگیا۔

کیمپ سے فرار ہونے کے بعد وہ شہر کے مرکزی علاقے میں پہنچا اور ایک شاپنگ کمپلیکس میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

حملہ آور نے راستے میں واقع بدھ مت مذہب کی عبادت گاہ پر بھی گولیاں برسائیں۔

مقامی میڈیا فوٹیجز میں مشتبہ شخص کو ضلع موانگ میں قائم شاپنگ مال کے سامنے گاڑی سے نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس کے بعد اس نے لوگوں پر فائرنگ کردی جبکہ دوسری فوٹیجز میں بلڈنگ کے باہر آتشزدگی بھی دکھائی گئی ہے۔

حکام کی جانب سے شاپنگ مال کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کردیا گیا ہے کیونکہ شبہ ہے کہ مشتبہ شخص ابھی تک کمپلیکس کے اندر ہی موجود ہے جبکہ پولیس نے شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی بھی تاکید کی ہے۔

تھائی پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ حملہ آور کا مقصد کیا ہے۔

فوجی اہلکار نے حملے کے دوران اپنے فیس بُک اکاؤنٹ سے اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں اس نے پوچھا کہ آیا اسے اپنی گرفتاری دینی چاہیے؟

اس سے قبل ملزم نے اپنے اکاؤنٹ سے پستول کے ساتھ تین گولیوں کی تصور بھی شیئر کی تھی اور لکھا تھا کہ یہ پرجوش ہونے کا وقت ہے۔ فیس بک نے اب اس کے اکاؤنٹ کو بلاک کردیا ہے۔

پولیس نے حملہ آور کی والدہ کو بھی شاپنگ سینٹر بلالیا ہے تاکہ اسے ہتھیار ڈالنے کیلئے آمادہ کیا جاسکے۔

آخری اطلاعات تک حملہ آور کے شاپنگ مال کے اندر ہی موجود ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا تھا جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اسے قابو کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

x

Check Also

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

پریانتھا کی والدہ کے میت سے لپٹ کر رونے کے رقت آمیز مناظر، تصاویر سامنے آگئیں

سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے فیکٹری کے سری لنکن منیجر پریانتھا ...

%d bloggers like this: