مینگو کریم پائی

اجزاء:چورا کیے بسکٹ1-1/2کپ،پگھلا ہوا پھیکا مکھن چھ کھانے کے چمچ،پسی دار چینی1/2چائے کے چمچ،پسی لونگ ایک چُٹکی،کریم چیز آٹھ اونس،پسی چینی1/2کپ،پسی چینی تین کھانے کے چمچ،کریم دو کپ،ونیلا ایسنس 1/2چائے کا چمچ،کٹا آم ایک کپ

ترکیب:ایک پیالے میں چورا کیے بسکٹ،پسی دار چینی،پسی لونگ اور پگھلا مکھن ملا کر دو کھانے کے چمچ آمیزہ الگ کر لیں۔باقی آمیزہ نو بائی نو انچ کے پین میں ڈال کر بیس تیار کر لیں۔فِلنگ تیار کرنے کے لیے ایک پیالے میں ایک کپ کریم،کریم چیز 1/2 کپ پسی چینی اچھی طرح پھینٹیں۔ الگ پیالے میں بقیہ ایک کپ کریم ،تین کھانے کے چمچ پسی چینی اور ونیلا ایسنس اچھی طرح پھینٹ لیں۔اب پھینٹی ہوئی کریم اور کریم چیز والا آمیزہ سپیٹلا سے ملائیں۔مینگو کریم پائی اسمبل کرنے کے لیے کریم چیز والا آدھا آمیزہ تیار کی ہوئی بیس پر پھیلا کر ڈالیں،پھر کٹے آم کی تہہ لگائیں اور کریم چیز والے باقی آمیزے کی تہہ لگا کر دو کھانے کے چمچ بسکٹ کرمبز والا آمیزہ چھڑک کر رات بھر فریج میں ٹھنڈا کر کے سرو کریں۔

یخنی والا قیمہ پلاوٗ

اجزاء:ہاتھ کا کُٹا قیمہ آدھا کلو،چاول دو پیالی،نمک حسبِ ذائقہ،ادرک لہسن پسا ہوا یک کھانے کاچمچ،پیاز تین عدد درمیانی،ثابت گرم مصالحہ ایک کھانے کا چمچ،پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ،ہلدی آدھا چائے کا چمچ،پسا دھنیا ایک کھانے کا چمچ،سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ،چکن پائوڈر ایک چائے کا چمچ،ٹماٹر کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ،ہری مرچیں تین سے چار عدد،ہرا دھنیا آدھی گٹھی،آئل آدھی پیالی

ترکیب:قیمے کو صاف دھو کر چھلنی میں خشک کر نے کے لیے رکھ دیں۔پین میں آئل ڈال کر گرم مصالحہ اور زیرہ ڈال کر فرائی کریں،پھر اس میں باریک کٹی ہوئی پیازکو ہلکا سنہرا فرائی کریں۔اس میں ادرک لہسن ،نمک،لال مرچیں،پسا ہو ا دھنیا ،ہلدی اور ٹماٹر کا پیسٹ ڈال کر بھونیں۔ اس کے بعد قیمہ شامل کر کے بھونیں اور ساتھ ہی چکن پائوڈر ،ثابت ہری مرچیں اور باریک کٹا ہوا ہر ا دھنیا شامل کر دیں۔ڈھائی سے تین پیالی پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر اُبال آنے دیں،پھر اس میں دھو کر بھگو کے رکھے ہوئے چاولوں کو پانی سے نکال کر ڈال دیں۔اچھی طرح ملا کر درمیانی آنچ پر پکائیں اور جب پانی خشک ہو نے پر آ جائے تو اسے ہلکی آنچ پر آٹھ سے دس منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔گرم گرم ڈش میں نکا ل کر سلاد اور رائتے کے ساتھ پیش کریں۔

سوئس رول

اجزاء:انڈے تین عدد،چینی ایک کپ،بیکنگ پائوڈر ایک چائے کا چمچ،آئسنگ شوگر دو چمچ،کوکو پائوڈر تین چمچ، میدہ تین سے چار کپ

ترکیب:انڈوں اور چینی کو اتنا پھینٹیں کہ وہ پھول جائیں،تو میدہ اور بیکنگ پائوڈرشامل کر کے آہستہ آہستہ مکس کریں۔اس کے بعد پانی اور چند قطرے لیمن جوس شامل کریں۔پین میں آئل لگائیں،مکسچر ڈال کر پھیلا دیں،گرم شدہ اوون میں350ڈگری پر دس سے بارہ منٹ بیک کریں۔اب کریم کو پھینٹیں ذرا پھول جائے تو آئسنگ شوگر اور کوکو پائوڈرکو مکس کر کے مزید پھینٹنا شرو ع کر دیں۔اب اس آمیزے پر کریم کو اچھی طرح پھیلا دیں۔اس کو آہستہ آہستہ رول کرتے جائیں ،یہاں تک کہ پورا رول ہو جائے۔کسی بڑے لفافے میں اس کو ڈال کر تھوڑی دیر کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔اگر چاہیں تو ان پرتھوڑا سا پائن ایپل کا جوس بھی چھڑک دیں۔

 پوری پراٹھا

اجزاء:فائن آٹا 1/2کلو،نمک1/2چائے کا چمچ،گھی دو کھانے کے چمچ،چینی ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:پہلے تمام اجزاء کو مکس کر کے اس کی نرم ڈو بنا لیں۔اب اس کے بالز بنا کر برش کی مدد سے تیل لگائیں اور کور کر کے کچھ منٹ رکھ دیں،پھر تیل گرم کر کے اس کے پراٹھے بنا کر فرائی کر لیں اور توا قیمہ کے ساتھ سرو کریں۔

ہرے مصالحہ والے چنے

اجزاء:پیاز ایک عدد،چنے ایک کپ(اُبال لیں)،لیموں کا رس دو چائے کے چمچ،املی کا پانی آدھا کپ،ٹماٹر ایک عدد،دھنیا،پودینہ تھوڑا سا،ہری مرچ تین سے چار عدد،تیل دو سے تین کھانے کے چمچ،نمک حسب ِذائقہ،کُٹی ہوئی لال مرچ آدھا چائے کا چمچ،چاٹ مصالحہ اورکھٹائی آدھا آدھا چائے کا چمچ

ترکیب:پیاز کاٹ لیں،دھنیا ،پودینہ اور ہری مرچ پیس کر ہری چٹنی بنا لیں۔پین میں تیل گرم کر یں اور پیاز ،ٹماٹر ،ہری چٹنی کے ساتھ تمام مصالحے ڈال کر بھون لیں۔اب املی کا پانی شامل کر کے مزید تھوڑی دیر پکا لیں۔چنے ڈال کر بھون لیں اور لیموں کا رس ڈال کر گرما گرم پیش کریں۔پیا لے میں لیموں کے قتلے،ٹماٹر اور ہری مرچ سے سجا کر پیش کریں۔

فرائیڈ چائینز سٹائل چکن

اجزاء:مرغی ایک عدد(بارہ عدد ٹکڑے)،خشک لال مرچیں،سرکہ ایک کھانے کا چمچ،سویا ساس چار چائے والے چمچ،بادیہ خطائی کے پھول دو یا تین عدد، دار چینی ایک ٹکڑا،ادرک لہسن دو کھانے والے چمچ(باریک کٹی ہوئی)،پیاز چوکور کٹا ہوا ایک کپ،تیل چار کپ،کارن سٹارچ ،چینی دو دو چائے کے چمچ

ترکیب:گوشت کوڈیپ فرائی کر کے ہلکا گولڈن کر لیں۔دوسرے پین میں چھ کھانے والے چمچ اسی تیل میں سے لے کر گرم کر کے ادرک لہسن،پیاز،بادیہ خطائی،دار چینی،ثابت لال مرچیں ڈال کر فرائی کریں،اور پھر چکن کے ٹکڑے بھی ڈال دیں ساتھ ہی چینی،سویاساس اور سرکہ بھی ڈالیں۔ایک کپ گرم پانی میں ڈال کر پکنے دیں۔جب پانی خشک ہونے کے بعد تیل چھوڑنے لگے تو کارن سٹارچ تھوڑے سے پانی میں گھول کر ملائیں اور گریوی کو خشک کر لیں۔کھلی ڈش میں ڈال کر اطراف میں کھیرے کے قتلوںسے سجا دیں۔

ٹونا سیلیڈ

اجزاء:پیٹا بریڈتکون کٹی چھ عدد،ٹونا ایک کین،مایونیز دو کھانے کے چمچ،دہی ایک کھانے کا چمچ،لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ،کٹی شملہ مر چ(بیج نکلی) ایک عدد،کٹی ہری پیاز ایک عدد،کٹی پارسلی ایک چائے کا چمچ،نمک حسب ِذائقہ،کُٹی کالی مرچ پانچ سے چھ عدد،زیتون چھ عدد،دھنیے کے پتے گارنش کے لیے

ترکیب: پیالے میں مایونیز ،کُٹی کالی مرچ،دہی،لیموں کا رس،کٹی بیج نکلی شملہ مرچ،کٹی ہری پیاز،کٹی پارسلی اور نمک ملا دیں۔اس کے بعد سیلیڈ پیٹا بریڈ کے ہر سلائس پر رکھیں۔زیتون اور دھنیے کے پتوں سے گارنش کر کے سرو کریں۔

بنانا ایپل سمودی

اجزاء:کیلے دو عدد،دہی(لوفیٹ) ایک پیالی،برائون شوگر ایک چائے کا چمچ،باریک کٹے بادام چار عدد، لوفیٹ ملک1/2 پیالی،آئس کیوبز حسبِ ضرورت

ترکیب:بلینڈر میں دو عدد کیلے،ایک پیالی لو فیٹ دہی،1/2پیالی لوفیٹ ملک،حسبِ ضرورت آئس کیوبز اور ایک چائے کا چمچ برائون شوگر ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں،پھر انہیں چھوٹے گلاسوں میں نکال کر چار عدد باریک کٹے بادام ڈال کر سرو کریں۔

x

Check Also

ہماری غذاء میں شہد کیوں ضروری ہے؟

ہماری غذاء میں شہد کیوں ضروری ہے؟

اگر ہم شہد کے ذائقے کی بات کریں تو بہت سے لوگ شہد کا میٹھا ...

%d bloggers like this: