سبزی اور پھلوں کو تمام جنس کے ہر عمر کے افراد کے لیے فائدہ مند سمجھا جاتا ہے، تاہم ایک حالیہ تحقیق کے مطابق یہ خواتین کے مقابلے مردوں کے لیے زیادہ فائدہ مند ہوتے ہیں۔
جی ہاں، امریکی ماہرین غذائیت کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق پھل اور سبزیاں خواتین کےمقابلے مردوں کے لیے زیادہ فائدہ مند ہوتے ہیں۔
سائنس جرنل ’جاما‘ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ہری سبزیوں اور تازے پھلوں کا کثرت سے استعمال دل کی بیماریوں، موٹاپے اور ذیابیطس سمیت کینسر کی کچھ اقسام سے محفوظ رکھنے میں مددگار ہوتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا اگرچہ پھل اور سبزیاں مرد و خواتین اور ہر عمر خاص طور پر بالغ افراد کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں، تاہم یہ مردوں کے لیے زیادہ فائدہ مند ہوتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خاص طور پر پھل اور سبزیاں مردوں کے موٹاپے کم کرنے اور انہیں دل کے امراض سے بچانے میں خواتین کے مقابلے زیادہ فائدہ پہنچاتے ہیں۔
ماہرین غذائیت کے مطابق مردوں کو خاص طور پر سیب، ناشپاتی اور ہری سبزیاں خاص طور پر پتوں پر مبنی سبزیاں خواتین کے مقابلے زیادہ فائدہ پہنچاتی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے قبل ایک تحقیق میں بتایا تھا کہ بعض سبزیاں مردوں کے لیے ذہنی تناؤ کا سبب بنتی ہیں۔
برطانیہ کے ماہرین نے تحقیق کے بعد بتایا تھا کہ سبزی کھانے والے مرد حضرات میں گوشت کھانے والوں کے مقابلے ذہنی الجھن، ذہنی دباؤ، اداسی یا ڈپریشن 74 فیصد زیادہ پائی گئی۔
ماہرین کا کہنا تھا مردوں کی جانب سے سبزی کھائے جانے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، ان میں سے ایک وجہ یہ بھی ہے کہ لوگوں نے خود ہی یہ طے کرلیا ہے کہ سبزی صحت کے لیے مفید ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس میں کوئی شک نہیں کہ لوگوں کی جانب سے صرف سبزی کھائے جانے کے پیچھے ان کے معاشی مسائل بھی ہوسکتے ہیں، تاہم زیادہ تر لوگ خود سے ہی سبزیوں کو ڈائٹ کے لیے بہتر سمجھ کر کھاتے ہیں۔
ماہرین نے بتایا تھا کہ سبزیاں کئی بیماریوں کے لیے مفید بھی ہیں، لیکن زیادہ سبزیوں میں وٹامن بی 12، بی 6، فولک ایسڈ اور آئرن سمیت دیگر وٹامنز کی کمی ہوتی ہے، جو ذہنی صحت میں مددگار ہوتی ہیں۔