پاکستان کے ہمسایہ ملک ایران میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 19 تک جاپہنچی۔
ایرانی وزارت صحت کے حکام نے کورونا وائرس سے اب تک ملک میں 19 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ حکام کے مطابق ایران میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 139 تک جاپہنچی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ایرانی شہر قُم میں 16، تہران میں 9، مزنداران، گیلان، البروز میں دو، دو اور دیگر شہروں فارس، قیشم نیشہبور میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ایران نے کورونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر عراقی زائرین پرعارضی طور پر پابندی عائد کردی ہے۔
عراق میں ایرانی سفارتخانے کے مطابق عراقی زائرین کو 6 مارچ تک ایران کے ویزے نہیں جاری کیے جائیں گے۔
اُدھرچین نے ایران کو کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والی 5 ہزار کٹس فراہم کردی ہیں جبکہ اس سے قبل ایران نے 5 لاکھ ماسک چین بھجوائے تھے۔
کویت میں بھی مزید 6 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔
کویتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ رپورٹ ہونے والے 6 افراد کویت کے شہری ہیں اور انہوں نے ایران کا سفر کیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایران کے ڈپٹی وزیر صحت ارج ہریرچی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے چین میں اب تک 2700 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 80 ہزار افراد متاثر ہیں۔
چین کے علاوہ کئی ممالک میں بھی کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جہاں اب تک کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔