پاکستانیوں کی پسندیدہ ترین ڈش کون سی ہے؟ سروے کا نتیجہ آگیا

پاکستانیوں کی پسندیدہ ترین ڈش کون سی ہے؟

ویسے تو پاکستانی کھانے  دنیا بھر میں اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں  لیکن  خود پاکستانیوں کو کون سی ڈش پسند ہے یہ جاننے کیلئے  ایک عوامی جائزے پر نظر ڈالتے ہیں۔

گیلپ  پاکستان نے ایک سروے میں ملک بھر سے 12 سو سے زائد افراد سے ان کی پسندیدہ ڈش کے بارے میں معلوم کیا، ساتھ ہی گیلپ نے معلوم کیا کہ ناشتے میں عوام کیا کھانا پسند کرتے ہیں۔

 اس سروے میں متوسط آمدن کے حامل افراد کا چناؤ کیا گیا تاکہ عوام کی اکثریت  کی رائے کا علم ہو سکے۔

سروے میں پاکستانیوں کی مرغوب غذا کے بارے میں سوال کیا گیا  تو معلوم ہوا کہ بریانی ہی وہ ڈش ہے جسے پاکستانی قوم کا من بھاتا کھانا کہا جاسکتا ہے۔

سروے  میں شامل 1200 میں سے 47 فیصد  افراد نے بریانی کو اپنی پسندیدہ ڈش قرار دیا۔

بریانی کے بعد عوام کی مقبول ترین غذا کی فہرست میں پلاؤ کا دوسرا نمبر تھا جسے 13 فیصد افراد نے منتخب کیا ۔

کڑاہی اور پائے کو 10،10 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر دیکھا گیا۔

5 فیصد مقبولیت  کے ساتھ حلیم نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ نہاری نے پاکستانیوں کی مرغوب غذا میں پانچواں نمبر حاصل کیا۔اس کے علاوہ 8فیصد کھانے کے شوقین افراد نے دیگر نام لیے تاہم چار فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔

جہاں تک مردوں اور خواتین میں پسندیدہ ڈش کا تعلق ہے تو 57 فیصد خواتین نے بریانی کو پسندیدہ ڈش قرار دیا جبکہ مردوں میں 41 فیصد نے بریانی کومرغوب غذا قرار دیا۔

بریانی نوجوانوں میں بھی نہیات مقبول ہے، 30 سال تک کی عمر کے افراد میں بھی بریانی نے دیگر کھانوں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا اور 56 فیصد نوجوانوں نے بریانی کو پسندیدہ کہا۔

30 سے 50 سال کی عمر کے لوگوں میں سے 42 فیصد کی زبان پر بریانی کا نام تھا جبکہ 50 سے زائد عمر کے 29 فیصد افراد نے بھی بریانی کو پسندیدہ قرار دیا ۔

صوبوں کے حوالے سے بات کی جائے تو صوبہ سندھ میں 60 فیصد افراد نے بریانی کو سب سے زیادہ پسند یدہ قرار دیا۔ 

اس کے بعد نمبر آتا ہے صوبہ خیبرپختونخوا کا جس کی 48 فیصد آبادی کو بھی بریانی ہی پسند ہے ۔

سب سے بڑے صوبے پنجاب  میں بھی بریانی ہی سب سے زیادہ محبوب ڈش قرار دی گئی اور پنجاب کی 43 فیصد آبادی کو  بریانی کا دلدادہ پایا گیا جبکہ  صوبہ بلوچستان کے 28 فیصد افراد میں بریانی پسندیدہ غذا تھی۔

سروے میں عوام سے یہ بھی معلوم کیا گیا کہ وہ عام طور پر ناشتے میں کیا کھاتے ہیں ؟

اس سوال کے جواب میں 44 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ ناشتے میں روٹی سالن کھاتے ہیں ، لیکن چائے پراٹھا بھی مقبولیت میں کسی سے کم نہیں جسے 38 فیصد عوام نے اپنا پسندیدہ کہا۔ 

عوامی ناشتے میں ڈبل روٹی اور بسکٹس 6 چھ فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ جبکہ پاپے یا رس 3 فیصد اور حلوہ پوری کو  صرف ایک فیصد  افراد نے پسند کیا جب کہ ایک فیصد ہی نے دیگر نام لیے۔

x

Check Also

ایڑیاں پھٹنے کے مسئلے کو گھر بیٹھے کیسے دور کریں؟

ایڑیاں پھٹنے کے مسئلے کو گھر بیٹھے کیسے دور کریں؟

موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی ایڑیاں پھٹنے یا اس جگہ کی کھال سخت ...

%d bloggers like this: