کرتارپور راہداری پر پاک بھارت تکنیکی مذاکرات

پاکستانی اور بھارتی وفود کے درمیان کرتارپور راہداری پر تکینکی سطح کی بات چیت کا ایک اور دور جمعے کے روز منعقد ہوا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے تصدیق کی ہے کہ مذاکرات سرحد پر ‘زیرو پوائنٹ‘ کے نام سے مشہور مقام پر ہوئے اور ’بات چیت میں اچھی پیش رفت ہوئی‘۔

ذرائع نے بتایا کہ بھارتی سکھ شہریوں کے گردوارا کرتارپور صاحب آنے کے لیے ویزا فری راہداری کی تعمیر سے متعلق زیادہ تر ’تکنیکی امور‘ حل ہوچکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کا افتتاح رواں برس نومبر میں بابا گرو نانک کے 550ویں جنم دن کے موقع پر کیا جائے گا۔

ان تکنیکی مذاکرات میں راہداری کی سیدھ، سرحد پار کرنے کے مقامات میں تعاون کا اشتراک اور دیگر تعمیراتی امور پر بات چیت ہوئی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ دونوں اطراف سے وفود دیگر معاملات پر بھی بات چیت کے لیے جلد ملاقات کریں گے۔

یہ بات مدِ نظر رہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جابرانہ اقدامات اور جنگ بندی کے حوالے سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کے دوران کرتارپور راہداری منصوبے کو الگ رکھا ہے۔

مذکورہ منصوبہ فروری میں پلوامہ حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے دوران بھی متاثر نہیں ہوا تھا۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت کے خاتمے کے بعد سے پاکستان ردِعمل کے طور پر متعدد اقدامات اٹھا چکا ہے جس میں سفارتی تعلقات میں تنزلی، تجارت اور خصوصی ریل گاڑیوں کی بندش بھی شامل ہے۔

ان تمام اقدامات کے ساتھ ساتھ بھارت کے لیے پاکستان کی فضائی حدود بند کرنے کے امکانات بھی زیِر گردش ہیں۔

اس ضمن میں جمعرات کے روز ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا تھا کہ اس حوالے سے متعدد آپشنز پر غور کیا جاچکا ہے، تاہم ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

x

Check Also

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال

سلام آباد:مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف،سابق صدر آصف علی زرداری اور ...

%d bloggers like this: